تنقید ی عناصر اپنے گریبان جھانکیں، مسترد سیاستدانوں کا کوئی مستقبل نہیں: عثمان بزدار

تنقید ی عناصر اپنے گریبان جھانکیں، مسترد سیاستدانوں کا کوئی مستقبل نہیں: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاکہ قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔مسترد شدہ سیاست دانوں کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا،تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی لوٹ مار کا حساب دیں،ان عناصر نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے۔پاکستان کے باشعور عوام کرپشن زدہ سیاست دانوں کو مسترد کر چکے ہیں،عوام ان عناصر کی لوٹ مار بھولے ہیں نہ ان کے کرپشن آلود چہروں کو،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے،اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلوں گا۔ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ان کی مشاورت سے فلاح عامہ کے کام ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی عنصر مجید خان نیازی،محمد عامر نواز خان، احسان الحق، محمد افضل، ثانیہ کامران اور احمد خان پھجرنے ملاقات کی۔دریں اثناء گجرات جیل میں ہنگامہ آرائی پروزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وارڈن سمیت 9جیل اہلکار معطل، مقدمہ درج کرنے کاحکم دے دیا۔وزیراعلیٰ نے جیلوں میں فوری طو رپر شکایات بکس رکھوانے کی ہدایت کردی اور محکمہ جیل خانہ جات کے کرپٹ افسروں اور اہلکاروں کی فہرستیں بنانے کاحکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپیشل برانچ کو جیل کے اندر جا کر حالات کا جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جیلوں میں ظلم و زیادتی کرنے والوں کو نشانہ عبرت بنا دیں گے۔بے بس اور بے کس قیدیوں پر ظلم کرنے والوں کو دنیامیں اور آخرت میں بھی حساب دینا ہوگا۔ کینٹین میں اوور چارجنگ پر متعلقہ سپرنٹنڈنٹ کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔ظلم کرنے والے کو اسی جیل میں بند کریں گے۔سپیشل برانچ کے کرپٹ عناصراپنا رویہ بدلیں۔خود جا کر جیلوں میں حالات کا جائزہ لوں گا اور موقع پر احکامات جاری کروں گا۔کرپشن کرنے والے ڈاکوؤں کی مانند بے بس لوگوں کو لوٹتے ہیں۔ اہل خانہ کی طرف سے قیدیوں کو اشیاء ضروریہ کی فراہمی کا فول پروف طریقہ کار وضع کیاجائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر ریجن میں قیدیوں کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی۔قیدیوں کو جیل کینٹین پر ہر چیز مارکیٹ ریٹ پر مہیا کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے چیف وہیپ قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگرنے ملاقات کی اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے افسروں کی تعیناتی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری او رایڈیشنل آئی جی ملتان اور بہاولپور میں فرائض سرانجام دیں گے۔جنوبی پنجاب کے لئے تعینات افسروں کو مالی اور انتظامی خود مختاری دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی فنانس ایوارڈ کے تحت اضلاع کو ترقیاتی فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بن کررہے گا اور عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے ملاقات کی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول کیلئے 9لاکھ روپے کا چیک وزیراعلی پنجاب کو پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ کورونا وباء کے باعث کمزور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہماری اخلاقی،قومی اورمذہبی ذمہ داری ہے۔ فنڈکی رقم دیانتداری کے ساتھ مستحق لوگوں تک پہنچائیں گے۔قوم کو اس وقت تقسیم کرنا قابل مذمت ہے۔اپوزیشن رہنماؤں کو جوش کی بجائے ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فاروق آباد کے قریب ٹرین اور وین کے تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کاحکم دیا۔جبکہ سردار عثمان بزدارنے فتح جنگ میں کنویں کی صفائی کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رپور ٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کمشنر راولپنڈی کو فوری انکوائری کاحکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی کرنے والے عملے کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -