پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما گرفتار ڈاکٹرز کی رہائی تک گھر نہ جائیں، بلاول کی ہدایت

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما گرفتار ڈاکٹرز کی رہائی تک گھر نہ جائیں، ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان کے الگ الگ ویڈیو لنک اجلاس بلاول ہاؤس میں ہوئے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور لاڑکانہ کے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان کی اجلاس میں شرکت۔ویڈیو لنک اجلاس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور قمر زمان کائرہ چوہدری منظور، حسن مرتضی، سہیل انور سیال اور جمیل سومرو بھی شریک تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک بھر سے ڈاکٹرز کے نمائندگان نے شعبہ صحت کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وائے ڈی اے آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں پر پولیس کے تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وائے ڈی اے آزاد کشمیر کے گرفتار ڈاکٹروں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ حفاظتی کٹس اور حقوق مانگنے پر آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں کو گرفتار کرنا ایک شرم ناک عمل ہے۔ پارٹی گرفتار ڈاکٹروں کی قانونی سمیت ہر قسم کی مدد کرے، پی پی پی آزاد کشمیر کے رہنما اس وقت تک گھر نہ جائیں کہ جب تک ڈاکٹرز رہا نہ ہوجائیں۔ اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ پورے پاکستان کے ڈاکٹرز کو سندھ کی طرز کا رسک الاؤنس دیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے ینگ ڈاکٹرز کے سندھ کی طرز کا رسک الاؤنس ملک بھر کے ڈاکٹرز کو دینے کے مطالبے سے اتفاق کیااور کہا کہ سندھ جلد ڈاکٹروں کی سیکیورٹی کے لئے بھی قانون سازی کرے گا۔ حکومت اسلام آباد کی شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونی ورسٹی کو فوری فعال کرے تاکہ وفاقی سطح پر بھی ریسرچ ہو، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وفاقی حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے ڈاکٹرز سے مشاورت کرتی مگر انہیں گرفتار کیا گیا، طبی آلات مانگنے پر حکومتوں نے ڈاکٹروں سے مجرموں کی طرح کا سلوک کیا۔ ڈاکٹرز مجرم نہیں ہیں بلکہ ہمارے مسیحا ہیں۔ اپنی زندگیاں داؤ پر لگاکر ہماری زندگیاں بچانے والے ڈاکٹرز کو لاوارث چھوڑنا سفاکیت کی انتہا ہے۔ عام دنوں اور خصوصی طور پر وباء کے دنوں میں ڈاکٹرز ہمارے فرنٹ لائن کے سپاہی ہیں۔ یہ کیسے حکمران ہیں کہ ڈاکٹرز کے بجائے غیرمتعلقہ لوگوں سے پوچھ رہے ہیں کہ وباء سے کیسے نمٹا جائے۔ طبی عملہ تیزی سے کرونا وائرس کا شکار ہورہا ہے اور حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں۔ عمران خان کی حکومت نے وباء کے دنوں میں جس غفلت کا مظاہرہ کیا ہے، عوام انہیں معاف نہیں کرسکتے۔ میں پورے پاکستان کے بہادر ڈاکٹروں کو وباء کے خلاف ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ویڈیو لنک اجلاس میں وائے ڈی اے پنجاب کی نمائندگی ڈاکٹر خضر اور ڈاکٹر مظہر نے کی۔ ویڈیو لنک اجلاس میں وائے ڈی اے سندھ کی نمائندگی چیئرمین ڈاکٹر عمرسلطان، جنرل سیکریٹری محبوب عمرانی اور ڈاکٹر ارسلان محمود نے کی۔ وائے ڈی اے خیبر پختونخوا کی نمائندگی صدر رضوان کنڈی، اسفندیار بھٹانی اور آفتاب مروت نے کی۔ وائے ڈی اے بلوچستان کی نمائندگی صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی، جنرل سیکریٹری حنیف لونی اور ڈاکٹر رحیم بابر نے کی۔ وائے ڈی اے گلگت بلتستان کی نمائندگی صدر ڈاکٹر اعجاز ایوب، چیئرمین ڈاکٹر بہادر شاہ اور ڈاکٹر محبوب الحق نے کی۔وائے ڈی اے کشمیر کی نمائندگی ڈاکٹر وقار اشرف بٹ نے کی۔ وائے ڈی اے لاڑکانہ کی نمائندگی صدر ڈاکٹر ارشاد ابڑو نے کی۔

بلاول

مزید :

صفحہ اول -