گرمی: لوڈشیڈنگ میں اضافہ، ٹرپنگ، ٹرانسفارمر ز میں دھماکے

  گرمی: لوڈشیڈنگ میں اضافہ، ٹرپنگ، ٹرانسفارمر ز میں دھماکے

  

ملتان، قصبہ کالا، خانیوال (نیوز رپورٹ، نمائندہ پاکستان)میپکوترجمان نے کہا ہے کہ میپکو ریجن میں کسی بھی علاقہ میں غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔میپکو کو طلب کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے بجلی کے استعمال میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بجلی کے تقسیمی نظام پردباؤ بڑھ گیا ہے اور اس اوور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کہیں کہیں بجلی فراہمی نظام باربارٹرپ کرجاتا ہے۔گرمی کی شدت کی وجہ سے بعض (بقیہ نمبر26صفحہ6پر)

علاقوں میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرزبھی جل جارہے ہیں جن کی فوری مرمت اور تبدیلی کی جاتی ہے۔جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے دوران لائن مینوں کی قیمتی جانوں کی حفاظت کے لئے مکمل فیڈرباقاعدہ پرمٹ لیکر بند کیاجارہاہے جس میں دو سے تین گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ موسم میں شدت کے باعث سسٹم میں ٹرپنگ اور ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات رونماہورہے ہیں۔ترجمان نے مزیدکہا کہ وزارت توانائی کی ہدایت پر ریجن بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں کو خصوصی طورپر بجلی کی مسلسل فراہمی جاری ہے۔میپکو ریجن میں جن فیڈرز پر لوڈمینجمنٹ اور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں انکا شیڈول باقاعدہ طورپر سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر مشتہر کیاجارہاہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرپنگ اورایمرجنسی بریک ڈاؤنز کو لوڈشیڈنگ نہ سمجھا جائے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر طاہر محمود نے 9آپریشن سرکلوں میں سب ڈویڑنوں میں ٹرانسفارمرز ٹرالیاں بحال رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ فنی خرابی اور ٹرانسفارمرز جلنے کی صورت میں بجلی بحالی کے لئے سب ڈویڑنل شکایات سنٹرز میں لائن سٹاف چوبیس گھنٹے الرٹ ہے اور ان کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ میپکو کی ٹیمیں قلیل مدت میں فالٹ دورکرکے بجلی بحال کررہی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بجلی بندش پرمیپکوسٹاف سخت گرمی اورمشکل حالات کے باوجود مسلسل کام کرکے بجلی کی فراہمی میں مصروف ہے اور بسا اوقات اپنی جان کی قربانی بھی دے دیتے ہیں۔ گذشتہ دنوں میں ملتان اور کوٹ ادو میں ہمارے تین ساتھی شہیدبھی ہوگئے ہیں۔میپکوصارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ صارفین سے یہ بھی التماس ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں اعتدال سے کام لیں تاکہ بجلی فراہمی نظام اوورلوڈ نہ ہو اورصارفین کو بجلی کی فراہمی بلاکسی تعطل کے جاری رہے۔صارفین کا تعاون بجلی کی مسلسل فراہمی اوربجلی سے متعلقہ دیگرمسائل کے حل کا سبب بنے گا۔ قصبہ کالا جو کہ سٹی فیڈر ہے اور یہاں ABCکیبل لگنے کے بعد اس فیڈر پر بجلی چوری ختم ہو گئی جسکی وجہ سے اس فیڈر پر لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی مگر 3روزقبل روزانہ 2گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری ہوا جس پر عمل درآمد کرنے کے علاوہ روزانہ فنی خرابی کا بہانہ بنا کر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کر دی جاتی ہے اس کے علاوہ جان بوجھ کر بار بار ٹرپنگ کی جاتی ہے جس الیکٹرونکس اشیاء جلنے کے علاوہ صارفین کو اذیت ہوتی ہے صارفین عبدالسلام،محمد یوسف،محمد خان،اللہ وسایا،عبدالکریم،اعجاز احمد،محمد شفیع،محمد ایوب،محمد طاہر،احمد خان اور حقنواز نے واپڈا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پرانا خانیوال،بلال کالونی، چاہ نیازی والا، ہیبت کوٹ، پرانا کارخانہ، لاہور موڑ، فضل ٹاؤن سمیت دیگرعلاقوں میں گرمی اور حبس کی شدت کے ساتھ ہی واپڈا کی جانب سے بے رحمانہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا رات کے اوقات میں بجلی کی بار بار بندش کے باعث بچے اور معمر افراد ترپنے لگے بجلی کی کمی پیش اور بار بار بندش سے شہریوں کا لاکھو ں روپے کا سامان الیکٹرونک جل گیا جبکہ بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دھماکے

مزید :

ملتان صفحہ آخر -