لیسکوصارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، چیف انجینئر کا ایس ڈی اوز کو حکم

    لیسکوصارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، چیف انجینئر کا ایس ڈی اوز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی خصوصی ہدایات پر چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن را نا عبدالستار نے جوہر ٹاؤن اور رحمان پورہ سب ڈویژنز کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے اضافی ٹرانسفارمرز ٹرالیوں کی دستیابی، شکایت رجسٹرز اور ٹی اینڈ پی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ ایس ڈی اوز اور دیگر اسٹاف ممبران بھی موجود تھے۔چیف انجینئر او اینڈ ایم نے سب ڈویژنز میں کورونا وائرس سے بچنے کے لئے سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے افسران اور اسٹاف کو ہدایات جاری کیں کہ اپنے اپنے دفاتر میں الرٹ رہیں اور اپنے شکایات نمبروں کو ایکٹو رکھیں اورکسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ ساتھ ہی ساتھ ان کا کہنا تھا کہ صارفین کی جانب سے درج کروائی گئی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ملازمین اپنی صحت کو مقدم رکھیں اور دی گئی سیفٹی ہدایات پر مکمل طور پر عملدرآمد کریں۔چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن رانا عبدالستار کا کہنا تھا کہ لیسکو سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹیں ختم کرنے کے اپنے ٹارگٹ پر بھرپور طریقے سے کام میں مصروف عمل ہے تاکہ لاہور سمیت لیسکو کے زیرانتظام تمام سرکلز میں موسم گرما کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور صارفین کی پاور ڈیمانڈ کو احسن اسلوبی سے پورا کیا جاسکے۔