ایس ایس پی آپریشنز منصور امان کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد
پشاور(کرائمز رپورٹر )ایس ایس پی آپریشنز منصور امان نے ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی ہے جس میں چاروں ڈویژنل ایس پیز نے بھی شرکت کی، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن نے شرکاء سے اپنے خطاب کے دوران شہر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے، ایس ایس پی آپریشن نے تھانہ آنے والے سائلین کی بروقت داد رسی، درخواست گزاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، ایف آئی ار کے اندراج، بزرگ شہریوں و خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ان کو بھر پور قانونی معاونت فراہم کرنے کی سختی سے تاکید کی جبکہ انہوں نے تھانوں کی حالیہ حدبندی کے تناظر میں شہریوں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور ان کی بھر پور راہنمائی کرنے کی بھی ہدایت کی شہر میں امن و امان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے جس میں کسی صورت کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی، انہوں نے پولیس افسران سے بات چیت کے دوران مزید کہا کہ محکمہ پولیس کو اس وقت جدید چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کی خاطر پوری جانفشانی، یکسوئی اور ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے ایس ایس پی آپریشن منصور امان نے پولیس افسران کو سنگین جرائم کی تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے اور باقاعدہ جیو ٹیگنگ کر نے کی بھی ہدایت کی ہے جس کی وجہ سے سنگین جرائم کے سدباب کو ممکن بنایا جا سکے گا، انہوں نے پولیس افسران کو جرائم کی روک تھام سمیت معاشرتی مسائل کے خاتمہ کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کرنے اور اس ضمن میں علاقہ عمائدین کے ساتھ قریبی روابط رکھنے کی بھی ہدایت کی