سرحد چیمبر کا انڈسٹریل اور کمرشل فیڈرسے طویل لوڈشیڈنگ پر تحفظات کا اظہار

  سرحد چیمبر کا انڈسٹریل اور کمرشل فیڈرسے طویل لوڈشیڈنگ پر تحفظات کا اظہار

  

پشاور(سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے پیسکو کی جانب سے انڈسٹریل اور کمرشل فیڈر پر بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ انڈسٹریل اور تجارتی مراکز کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ واپڈا کی جانب سے پیسکو کو ڈیمانڈ سے زیادہ سپلائی کے باوجود انڈسٹریز اور تجارتی مراکز میں ناروا لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ ٹرپنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے مشینری اور برقی آلات خراب اور جل رہے ہیں جس کی وجہ سے انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کو بہت مالی نقصانات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے پیسکو کا پاور ڈسٹری بیوشن نظام اور سپلائی سسٹم کو بہتر وموثر بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ صارفین کی بڑھتی ہوئی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بجلی کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ ٹرپنگ اور کم وولٹیج کے مسائل کے بارے میں متعلقہ اتھارٹیز کو کئی بار آگاہ کیا ہے لیکن کوئی ان کے حل کیلئے کسی قسم کے اقدامات اٹھانے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے بجلی کے صارفین کے مشکلات کو روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جو پیسکو کی ناکامی اور نااہلی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیسکو نے انڈسٹریل اسٹیٹ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دیا تھا مگر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کرکے پیسکو اپنے ہی فیصلہ کی نفی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ کورونا لاک ڈان کی صورتحال کے پیش نظر انڈسٹریز اور کاروبار مزید بحران اور بند ہونے کے محتمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صنعتوں اورپرائیویٹ کاروبار سے ہزاروں لوگوں کاروزگار وابستہ ہے اور پیسکو کی جانب سے لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار اور صنعتوں کا پہیہ مکمل طور پر رک جائے گا اور صوبے میں بے روزگاری میں اضافہ کے ساتھ ساتھ غریب مزدور طبقہ شدید متاثر ہوگا۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے بجلی و پانی عمر ایوب اور پیسکو کے چیف ایزیگزیکٹو انجینئرمحمد جبار خان سے پرزور مطالبہ کیا کہ صوبہ میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کے ترقی کے لئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -