پوری دنیا کورونا کی تباہ کاریوں کی لپیٹ میں ہے،سید ظہیر الاسلام

پوری دنیا کورونا کی تباہ کاریوں کی لپیٹ میں ہے،سید ظہیر الاسلام

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی خطرناک وبا کی تباہ کاریوں کی لپیٹ میں ہے اور اس کا مزید پھیلاؤ بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے جسے روکنے کے لیے حکومت پاکستان اور خیبر پختونخوا کی حکومت انتھک کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ عوام کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کورونا وائرس کے خلاف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر اور حکومت خیبرپختونخوا کے عزم و ہمت کے سو دن پورے ہونے کے موقع پرپختونخوا ریڈیو ایبٹ آباد کو اپنا پیغام ریکارڈ کراتے ہوئے کیا۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف،نرسوں، پولیس، سول انتظامیہ، پاک فوج،اطلاعات اور ریلیف سمیت تمام فرنٹ لائن محکمے اور ادارے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کرعام لوگوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ ہم ان کی کوششوں کے معترف ہیں اور ان کے عزم و ہمت اور انسانی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عظیم جہاد میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مرکزی و صوبائی حکومت اور ڈویژ نل و ضلعی انتظامیہ ان کے شانہ بشانہ ہے۔ سید ظہیر الاسلام نے کہا کہ جو ہمارے لوگ اس جہاد میں انسانی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں ہم ان کی آخرت کے لیے دعا گو ہیں اور حکومت ان کے پسماندگان کی فلاح کے لیے پر عزم ہے۔ کمشنر ہزارہ نے اس موقع پر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شاء اللہ ہم سب اکھٹے ہو کر اس موذی وباء کو وطن عزیز میں شکست دینے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وبا کے خاتمے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے،ماسک اور سینٹائزر کے استعمال اور صحت و صفائی اور خوراک کا خیال رکھنے جیسی اہم ذمہ داریاں عام لوگوں پر بھی عائد ہوتی ہیں جن کی انجام دہی سے ان کی اپنی جانیں بھی محفوظ ہوں گی۔اس کے علاوہ ایک سچے دین کے پیروکار ہونے کی حیثیت سے گناہوں سے سچی توبہ بھی ہمیں اس بیماری سے بچا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہی آسان مگر اہم احتیاطی تدابیر سے اپنی اور دوسروں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور اسلئے عوام کو بازاروں اور پرہجوم مقامات پر بلاضرورت اور بلاوجہ جانے سے گریز بھی کرنا ہے اور گلے ملنے اور ہاتھ ملانے کی روایات کو فی الحال ترک کرنا چاہئیے۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت، انتظامیہ،محکمہ صحت اور تمام متعلقہ اداروں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنی سوچ، حکمت عملی اور وسائل کو ایک جگہ پر یکجا اور مرتکز کر رکھا ہے اور اس لئے ہمیں یقین ہے کہ ہم کورونا سے بچاؤ میں کامیاب ہوجائیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -