پی ٹی آئی رہنما اشرف علی ساتھیوں سمیت پی پی میں شامل

پی ٹی آئی رہنما اشرف علی ساتھیوں سمیت پی پی میں شامل

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پی ایس 103 کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اشرف علی نے اپنے درجنوں کارکنان سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے وزیر تعلیم و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، پی ایس 103 کے صدر سید خاور شاہ، عبدالوہاب بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کراچی پی ایس 103 کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ملاقات کے بعد کیا۔ اس موقع پرسعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع سے مختلف جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشرف علی سمیت دیگر ان کے کارکنان گذشتہ 1 ماہ سے رابطے میں تھے تاہم ہم کرونا وائرس کے باعث پریس کانفرنس نہیں کرسکے تھا اور آج بھی تمام شمولیت کرنے والوں کو نہیں بلوایا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ اس وقت بھی کراچی سمیت صوبے بھر سے مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد پیپلز پارٹی کے علاقائی اور صوبائی قیادت کے رابطوں میں ہیں اور وہ پیپلز پارٹی میں جلد شمولیت کا اعلان کریں گی۔ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ سلیکٹیڈ حکومت اور ان کے نااہل اور نالائق وزیر اعظم اور وزرا نے جس طرح یوٹرن پر یوٹرن لے رہے ہیں اور جس طرح دو سال میں انہوں نے اس ملک کی معیشت اور عوام کے معیار زندگی کو تباہ کیا ہے اب عوام میں ان کی نفرت کھل کر سامنے آرہی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ آج کراچی سے خیبر تک کے عوام موجودہ نااہل حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں

مزید :

صفحہ اول -