کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، اجمل وزیر  

کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، اجمل وزیر  

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کرونا سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے,نشترآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ کورونا سپیشلائزڈ ہسپتال بنایا گیا ہے,جہاں ٹیسٹ سے لے کر علاج تک تمام سہولیات دستیاب ہیں. اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ نشترآباد کا کورونا ہسپتال ابتدائی طور پر 58 بستروں پر مشتمل ہے,جس میں 17 ایچ ڈی یو اور 5آئی سی یو بیڈز ہیں,تمام بیڈز کے ساتھ آکسیجن کی سہولت موجود ہے,دوسرے مرحلے میں ان بیڈز کی تعداد 110کی جائیگی.انکا کہنا تھا کہ ہسپتال میں 105افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہوگا جس میں ماہر پلمونالوجسٹ, پیتھالوجسٹ, سائیکولوجسٹ, میڈیکل سپیشلسٹ,اور دیگر سٹاف شامل ہے.انکا کہنا تھا کہ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کا افتتاح عنقریب وزیراعلیٰ کرینگے.اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ اس ہسپتال میں جدید تشخیصی لیبارٹری بھی موجود ہے,جہاں کورونا ٹیسٹ کیے جائنگے,ہسپتال کو 15000ٹیسٹنگ کٹس صوبائی حکومت فراہم کرے گی, شتر آباد میں موجود اس ہسپتال کو محکمہ صحت نے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی, یورپئین سول پروٹیکشن اینڈ ہیومنیٹیرین ایڈ اور (MERF)نامی اداروں کے تعاون سے تیار کیا ہے.انھوں نے کہا کہ بہتر حکمت عملی اور صحت سہولیات میں اضافے کے باعث کورونا سے شرح اموات بہت حد تک کنٹرول ہوئی ہیں۔ جبکہ کورونا سے مریضوں کے صحتیاب ہونے کی شرح بھی 54 فیصد ہو گئی ہے.مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ڈاکٹرز، طبی عملہ و دیگر فرنٹ لائن ورکرز نے جس عزم کے ساتھ خدمات سر انجام دیں وہ قابل تحسین ہیں۔انھوں نے کہا کہ کورونا کی وباء نے واضح کردیا کہ شعبہ صحت ازحد ضروری ہے,اس سے لوگوں کی صحت و زندگی وابستہ ہے,اسی وجہ سے کورونا سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اپنے ہسپتالوں کی استعداد کو بڑھایا, حکومت عوام کی خاطر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صحت کے شعبے کو مستحکم بنارہی ہے,مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے ساڑھے 5ہزار بستر مخصوص کیے گئے ہیں,1375 بیڈز کے ساتھ آکسیجن کی سہولت موجود ہے,کورونا مریضوں کے لیے تمام ہسپتالو میں ایچ ڈی یواور آئی سی یو بیڈز کی تعداد بھی اس ماہ کے اختتام تک مزید بڑھائینگے. اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی میں تمام فیصلے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور وزیراعظم آزاد کشمیرکے ساتھ مشاورت سے ہوتے ہیں۔ پشاور ائر پورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے اعداد وشمار دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پشاور ائرپورٹ پر وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے,24جون سے یکم جولائی تک مختلف ائیر لائنز کی 29 پروازوں کے ذریعے 4ہزار 822مسافر باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچے ہیں.جبکہ مختلف پروازوں کے ذریعے 20پاکستانیوں کے جسد خاکی بھی لائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاورائرپورٹ پر ایس او پیز کا سختی سے خیال رکھا جارہا ہے, آنے اور جانیوالے تمام مسافروں کو تھرمل سکینرز کے ذریعے چیک کیا جاتا ہے,جبکہ غیر ضروری افراد کی آمد کی اجازت نہیں ہے۔

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے علیل سینئیر صحافی نوید عالم کے علاج معالجے کے لئے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے.مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ بے روزگاری کی وجہ سے علاج سے قاصر سینئر صحافی نوید عالم کے علاج معالجہ کے لئے صوبائی حکومت مالی معاونت فراہم کرے گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سینئر صحافی نوید عالم کیساتھ ملاقات کرتے ہوئے کیا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ تقریبا 20سال سے صحافت کے ذریعے عوام کی خدمت کرنے والے صحافی کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے,صوبائی حکومت صحافیوں کی مشکلات دور کرنے کی خواہاں ہے, انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بہبود کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔مستقبل میں بھی حکومت صحافی برادری کی بہتری کے لیے کام جاری رکھے گی.

مزید :

صفحہ اول -