”بیک ٹو کرکٹ“ پی سی بی نے منصوبہ کی تیاری شروع کر دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور کرکٹ بحالی کیلئے ایس او پیز تیار کئے جانے لگے ہیں جبکہ حکام نے اس منصوبے کو ”بیک ٹو کرکٹ“ کا نام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ ملک میں کرکٹ سرگرمیاں حکومت کی ہدایات پر بند ہیں اور اب ایس اوپیز بناکر حکام سے رابطہ کریں گے، ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی مدد سے کرکٹ منتظمین کو بھی آگاہی دیں گے، 2سے3 ہفتے میں ایس اوپیز تیار کرلیں گے۔
دوسری جانب کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا سلسلہ جاری ہے، ہائی پرفارمنس سینٹر شعبہ کوچنگ کے سربراہ گرانٹ بریڈ برن، ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق اور انگلینڈ میں بطور اسسٹنٹ کوچ قومی ٹیم کے ساتھ موجود شاہد اسلم نے گزشتہ روز ویڈیو کال پر سدرن پنجاب کوچز کے انٹرویوز لئے، اس سے قبل سندھ اور سینٹرل پنجاب کے کوچز کی کارکردگی کا معیار اور ویژن کو پرکھا جا چکا ہے، اگلے مرحلے میں بالترتیب ناردرن، کے پی اور بلوچستان کی باری آئے گی۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے 30 جون کو ختم ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاہدوں میں 31 جولائی تک توسیع کردی تھی، نئے کنٹریکٹ کا فیصلہ ایک ماہ کیلئے موخر کرنے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ پہلے کوچز کی کارکردگی کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا، یہ مرحلہ مکمل کرنے کے بعد رواں ماہ ہی ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے جونیئر اور سینئر سکواڈز منتخب کر لئے جائیں گے۔