بکیز کے نت نئے طریقوں نے بھارتی حکام کو چکرا کر رکھ دیا، گاﺅں میں کھیلا گیا میچ سری لنکن ٹی 20 لیگ کا حصہ بنا کر لائیو سٹریم کر دیا

بکیز کے نت نئے طریقوں نے بھارتی حکام کو چکرا کر رکھ دیا، گاﺅں میں کھیلا گیا ...
بکیز کے نت نئے طریقوں نے بھارتی حکام کو چکرا کر رکھ دیا، گاﺅں میں کھیلا گیا میچ سری لنکن ٹی 20 لیگ کا حصہ بنا کر لائیو سٹریم کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بکیز نے نت نئے طریقوں سے بھارتی حکام کو چکرا کر رکھ دیا ہے اور تازہ ترین واقعے میں بھارت کے ایک مقامی گاﺅں میں کھیلے گئے میچ کو سری لنکن ٹی 20 لیگ کا حصہ بنا کر لائیو سٹریم کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ نہ ہونے سے بکیز کا کام بھی ٹھپ ہو چکا ہے جنہوں نے اب نئی راہیں تلاش کرنا شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں گزشتہ دنوں ایک عجیب واقعہ یہ پیش آیا کہ چندی گڑھ کے قریبی گاﺅں ساورا میں ناصرف ٹی 20 میچ کھیلا گیا بلکہ اسے لائیو سٹریم کرتے ہوئے یہ بتایا گیا کہ سری لنکا کے بندولا سٹی میں جاری یووا لیگ کا مقابلہ ہے۔

اس میچ نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے اینٹی کرپشن یونٹ کی توجہ حاصل کرلی اور اب یہ جاننے کی کوشش ہورہی ہے کہ بھارت میں میچ کیسے ممکن ہوا جبکہ اسے سری لنکا سے جوڑنے والوں میں بکیز کا کوئی عمل دخل تو نہیں لیکن ذرائع کا یہ دعویٰ ہے کہ مبینہ طورپر شرطیں لگانے کیلئے ہی اس میچ کا انعقاد ہوا۔

دوسری جانب مقامی پولیس نے میچ کرانے اور لائیو سٹریم کرنے والوں کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں اب تک2 افراد کوگرفتارکیا گیا ہے، سری لنکا کی جس کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ اس میچ کا تعلق جوڑا گیا اس نے بھی لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ صوبہ یووا کے سیکرٹری باگیرادن نے کہاکہ ہماری ایسوسی ایشن بہت زیادہ فعال نہیں، نہ ہی کوئی کرکٹ سرگرمی ہورہی ہے،شاید جعل سازوں نے اسی لئے ہمارانام استعمال کیا کہ شور نہیں مچے گا، بہرحال اب معاملہ کھل کر سامنے آ گیا ہے تو اپنے کرکٹ بورڈ کو مطلع کریں گے۔

مزید :

کھیل -