ٹی 20 ورلڈکپ کب ہونا چاہئے؟ مختصر فارمیٹ کے نمبرون بلے باز بابراعظم نے بھی بالآخر اپنے دل کی بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ رواں سال شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے بس باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان بھی ٹی 20ورلڈ کپ کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ رواں برس شاید کوئی بھی آئی سی سی کا ایونٹ ممکن نہ ہوسکے۔
پاکستان کے ون ڈے اور ٹی 20ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ”میرے خیال میں ٹی 20 ورلڈ کپ اسی برس شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے، بحیثیت کھلاڑی اور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈ کپ ہے تو میں چاہوں گا کہ یہ ٹورنامنٹ ہو تاہم اس کے حوالے سے فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے۔“
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی کورونا کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے، کئی ٹیسٹ سیریز ملتوی ہو چکی ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا بھی ایک ٹیسٹ التواءکا شکار ہے۔ تینوں فارمیٹ کے ٹاپ فائیو کھلاڑیوں میں شامل بابرا عظم کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے تمام کھیلوں کی طرح کرکٹ بھی متاثر ہوئی ہے اور کئی سیریز التواءکا شکار ہو ئی ہیں۔