خاندان والوں نے بھنگ کو میتھی سمجھ کر پکایا اور کھاگئے، پھر ان کا کیا حال ہوا؟
لکھنو (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک خاندان کے 6 افراد کی حالت اس وقت غیر ہوگئی جب انہوں نے بھنگ کو میتھی سمجھ کر پکایا اور کھا گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سبزی فروش نوال کشور نے نتیش نامی آدمی کو مذاق میں میتھی کی جگہ بھنگ دے دی۔ نتیش نے اس پر غور نہیں کیا اور بھنگ کو سبزی سمجھ کر گھر لے گیا۔ گھر والوں کو بھی میتھی اور بھنگ کے فرق کی سمجھ نہیں آئی اور انہوں نے اس کا سالن پکالیا۔
بھنگ کا سالن کھانے کے بعد خاندان کے 6 افراد کی حالت غیر ہوگئی، انہوں نے اپنے پڑوسی سے ڈاکٹر بلانے کیلئے کہا لیکن ڈاکٹر کے آنے سے پہلے ہی تمام افراد بیہوش ہوگئے جس پر انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور گھر جا کر دیکھا تو بچا ہوا کچھ سالن مل گیا جس سے پتا چلا کہ گھر والوں کے ساتھ کیا بیتی ہے۔ پولیس نے سبزی فروش نوال کشور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔