”پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کو ہوم گراﺅنڈ پر شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے“ آسٹریلین سپنر نے بھارتیوں کو آئینہ دکھا دیا

”پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کو ہوم گراﺅنڈ پر شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ...
”پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کو ہوم گراﺅنڈ پر شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے“ آسٹریلین سپنر نے بھارتیوں کو آئینہ دکھا دیا

  

سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق سپنر بریڈ ہوگ نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی سپنر بریڈ ہوگ سے یوٹیوب چینل پر مداح نے سوال کیا کہ کون سی ٹیم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے سکتی ہے جس پر بریڈ ہوگ نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بریڈ ہوگ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس ٹیسٹ میں بہترین فاسٹ باﺅلنگ اٹیک موجود ہے اور کچھ اچھے سپنر بھی موجود ہیں، پاکستان کی بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہے اور وہ بھارت کے میدانوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے سیاسی تعلقات کی وجہ سے پاکستانی کرکٹر بھارت کا سفر نہیں کرسکتے لہٰذا آسٹریلیا وہ دوسری ٹیم ہے جو ہندوستان کو ہوم گراؤنڈ میں ڈھیر کرسکتی ہے۔

بریڈ ہوگ نے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس ڈیوڈ وارنر مارنس لابوشانے اور سٹیو اسمتھ کی صورت میں مضبوط بیٹنگ لائن موجود ہے، ہمارے پاس مضبوط باﺅلنگ اٹیک بھی موجود ہے، آئندہ دو سالوں میں اگر آسٹریلوی ٹیم بھارت کا دورہ کرتی ہے تو وہ اسے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق آسٹریلوی سپنر بریڈ ہوگ کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کی سیریز درکار ہے، اس سیریز سے بے پناہ دلچسپی پیدا ہوگی، کوہلی اور بابر اعظم میں کون بہتر ہے یہ فیصلہ بھی اس سیریز سے ہوگا، پاک بھارت سیریز کیلئے مداح بھی ترسے ہوئے ہیں۔

مزید :

کھیل -