ورلڈکپ 2011 کا فائنل میچ فکس ہونے کا معاملہ، سنگاکارا نے 10 گھنٹے سوال و جواب کے بعد اپنے دل کا حال بھی سنا دیا

ورلڈکپ 2011 کا فائنل میچ فکس ہونے کا معاملہ، سنگاکارا نے 10 گھنٹے سوال و جواب کے ...
ورلڈکپ 2011 کا فائنل میچ فکس ہونے کا معاملہ، سنگاکارا نے 10 گھنٹے سوال و جواب کے بعد اپنے دل کا حال بھی سنا دیا

  

کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان کمار سنگاکارا نے کہا ہے کہ میں کرکٹ کے احترام اور کھیل کیلئے ذمہ داری کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2011 ءکے فائنل میچ کے فکس ہونے کے معاملے میں تفتیش کیلئے گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کمار سنگاکارا سے 10 گھنٹے تک تفتیش کی گئی جس دوران ان سے مختلف سوالات کئے گئے اور پولیس کے مطابق انہوں نے تمام سوالات کے تسلی بخش جواب دیا۔ تفتیشی مرحلے سے گزرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ کے احترام اور کھیل کیلئے ذمہ داری کی وجہ سے یہاں بیان دینے آیا تھا، مجھے امید ہے کہ اس تفتیش کے اختتام کے بعد سابق وزیر کھیل مہندا نندا الوتھ گماگے کے الزامات کے حوالے سے حقیقت سامنے آجائے گی۔

انہوں نے اس بارے میں تفصیل نہیں بتائی کہ ان سے کیا سوالات کئے گئے البتہ انہوں نے بتایا کہ ایک اور سابق کپتان اور فائنل میچ میں سنچری بنانے والے مہیلا جے وردنے کو بھی تفتیش کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ان الزامات کے سلسلے میں اوپننگ بلے باز اپل تھرنگا پہلے کھلاڑی تھے جنہیں تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تھا اور ان سے بدھ کو دو گھنٹے سے زائد دیر تک تفتیش کی گئی تھی اور اس سے ایک دن قبل فائنل کے حوالے سے چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا سے 6 گھنٹے سے زائد دیر تک تفتیش کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے ورلڈ کپ فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جے وردنے کی سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے تھے اور بھارتی ٹیم اس وقت مشکلات سے دوچار تھی جب عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر صرف 18رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم سری لنکا کی خراب باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بدولت بھارت نے میچ کا نقشہ بدل دیا اور فتح حاصل کر کے دوسری مرتبہ عالمی چیمپین بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس میچ کا ٹاس بھی متنازع تھا کیونکہ وہ دو مرتبہ ہوا تھا، میچ ریفری جیف کرو نے مبینہ طور پر سنگاکارا کی جانب سے ہیڈز کی آواز نہیں سنی تھی جس پر مہندرا سنگھ دھونی سے دوبارہ سکہ اچھالنے کا کہا تھا۔ سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جسے مقامی میڈیا میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ اس وقت سری لنکن ٹیم بہتر انداز میں ہدف کا تعاقب کرتی تھی۔

مزید :

کھیل -