طالب علموں کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے ان پر تشدد قابل مذمت: مریم اورنگزیب 

طالب علموں کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے ان پر تشدد قابل مذمت: مریم اورنگزیب 

  

 اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے طالب علموں پر لاٹھی چارج کی شدید مذمت  کرتے ہوئے ان کے مطالبات فوری سننے کا مطالبہ کردیا اور کہاکہ طالب علم ہمارے بچے ہیں، ہمارا مستقبل ہیں، انہیں بلائیں، بٹھائیں، بات سنیں اور ان کا مسئلہ حل کریں،جو حکومت اپنے بچوں پر لاٹھیاں برساتی ہے، یہ اس کے سب سے کمزور ہونے کی نشانی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ کیا طالب علموں پر لاٹھیاں برسا کر انہیں دہشت گرد بننے پر مجبور کیاجارہا ہے؟،کون سی قوم دنیا میں اپنے طالب علموں پہ لاٹھیاں برساتی ہے،انٹرمیڈیٹ کی سطح پر بچے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کی فکر میں ہوتے۔انہیں بٹھا کر، ان کی تحمل سے بات سننے کے بجائے ان کو مارنا پیٹنا کون سی عقل مندی ہے؟،انٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کا مسئلہ حل کرنے، ان کی بات سننے کے بجائے ان پر تشدد کیاجارہا ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کی حکومت لاٹھی چارج، مقدمہ پہلے کرتی ہے، لوگوں کی بات بعد میں سنتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب مغربی جمہوریت کو کیا دکھا رہے ہیں کہ ہم طالب علموں پر لاٹھیاں برساتے ہیں؟

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ آخر -