اپوزیشن اتحاد کی ٹوٹ پھوٹ نااہل حکومت کیلئے وینٹی لیٹر کا کام کررہی ہے، سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی ٹوٹ پھوٹ نا اہل حکومت کے لیے وینٹی لیٹر کاکام کر رہی ہے۔مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لوگوں سے مسکراہٹ کوسوں دور چلی گئی۔ عوام دو وقت کی روٹی سے محروم جبکہ حکومت نے بے خبری کی چادر اوڑھ لی ہے۔حکومتی نا اہلی کی وجہ سے ملک کو درپیش چیلنجر بڑھتے جا رہے ہیں۔سیاسی،پارلیمانی اور آئینی بحران شدت اختیار کر رہا ہے ملک وملت کی سلامتی و استحکام،اسلامی نظریہ کی حفاظت، آئینی جمہوری اورپارلیمانی نظام کے اس کی روح کے مطابق نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ مالی سال 2020-21 ء کے دوران تجارتی خسارہ میں 34 فیصد اضافہ تشویشناک اور معیشت میں بہتری کے حکومتی دعوؤں کی نفی ہے۔ جماعت اسلامی اب بہترین آپشن ہے۔کارکنان عوامی ایشوز پر حکومت مخالف تحریک کو تیز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنگوٹہ سوات میں ملا کنڈ ایجنسی کے تربیتی اجتماع سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ یہ امر نوشتہ دیوار بن گیاہے کہ حکمران اتحادی جماعتوں نے ماضی میں فوجی حکومتوں، پی پی پی، مسلم لیگ (ن) کی ناکامیوں سے سبق لینے کی بجائے ناکارہ، فرسودہ اور ناکام نظام کے تسلسل کو برقرار رکھ کر غریب عوام کی زندگی زیادہ اجیرن اور مٹھی بھر بگڑے اشرافیہ کے وارے نیارے کرادیئے گئے ہیں۔ موجودہ سیاسی بحرانوں کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کااسلوب حکمرانی ہے۔
سرا ج ا لحق