ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،عید کیلئے صفائی پلان تیار، ملازمین کوٹاسک

ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،عید کیلئے صفائی پلان تیار، ملازمین کوٹاسک

  

 ملتان ( سپیشل  رپورٹر  )ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عید الاضحی کے لئے صفائی پلان کی منظوری دے دی ہے۔عید کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے لئے   لوڈر،ڈمپر،ٹریکٹر،ٹرالیوں، پک اپ اور لوڈر رکشوں پر مشتمل 225 گاڑیاں کرائے پر حاصل کرنیکی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز(بقیہ نمبر47صفحہ6پر)

کے ممبر مسرور حیدر ایڈوکیٹ، ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق ڈوگر اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے شہریار نے شرکت کی جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر یاسر بچہ اور حسین احمد فضل ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی سردار  عثمان بزدار نے صفائی کے حوالے سے ہفتہ عیدالاضحی منانے کا حکم دیا ہے۔خدمت آپکی دہلیز کے تحت تمام اضلاع میں عید کے ایام میں صفائی کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ شہر میں شامل ہونیوالی نئی یونین کونسلوں میں عید کے موقع پر صفائی کے لئے مشینری اور ورکرز تعینات کئے جائیں۔عید کے تینوں ایام میں روزانہ شام چھ بجے انہیں کمپنی انتظامیہ  زیرو ویسٹ کی رپورٹ پیش کرے گی۔اس کے علاوہ عید کے موقع پر کسی بھی شکایت کے فوری ازالہ کے لئے ورکرز پر مشتمل ایک خصوصی اسکواڈ بھی تیار کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید کے موقع پر عید گاہوں اور مساجد کی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے  بورڈ کو عید پلان بارے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کے موقع پر صفائی آپریشن میں مجموعی طور پر360 گاڑیاں حصہ لیں گی جس میں کمپنی کی ملکیت135 گاڑیاں بھی شامل ہیں۔گرینڈ صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے شہر کو14 سیکٹرز میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر یونین کونسل میں پک اپ اور لوڈر رکشے فراہم کئے جائیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اکٹھی کرنے کے لئے ہر چار یونین کونسلوں کے لئے ایک عارضی سٹوریج پوائنٹ قائم کیا جائے گا جبکہ شہر کے14 سیکٹرز میں سیکنڈری کولیکشن پوائنٹس قائم کئے جائیں گے،عارضی سٹوریج پوائنٹس سے آلائشوں کو سیکنڈری  پوائنٹس تک لایا جائے گا جہاں سے  آلائشوں کو ڈمپر کے ذریعے لینڈ فل سائیٹ لے جاکر تلف کر دیا جائے گا۔اس کے علاوہ شہر میں 12 مقامات پر ہونیوالی اجتماعی قربان گاہوں کی صفائی کے لئے بھی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔عید پلان کے سلسلے میں ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے ڈپٹی منیجرز آپریشنز کے مختلف زون میں تبادلے کر دئے ہیں۔ڈپٹی منیجر عثمان خورشید کو زون1 سے زون4، انوارالحق کو زون2 سے زون1، بلال بھٹہ کو زون3 سے زون2 اور  حبیب اللہ ظفر کوزون4 سے زون3 میں ٹرانسفر کردیا گیا ہے۔ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے اس بارے بتایا کہ تبادلے کمپنی کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لئے کئے گئے ہیں،کمپنی ورکرز کی فیلڈ میں حاضری کا نظام موثر بنا دیا گیا ہے اور اب صبح کے علاوہ  دن2 بجے بھی ورکرز کی حاضری چیک کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عید الاضحی کے موقع صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنانے کے لئے عوام رابطہ مہم جاری ہے اور شیڈول کے مطابق مختلف یونین کونسلوں کے فوکل پرسنز کے ساتھ  روازانہ کی بنیاد پر مشاورت کی جارہی ہے۔علاوہ ازیں "خدمت آپکی دہلیز پر"پروگرام کے دوسرے فیز میں ضلع کچہری اور پانی کی ٹینکیوں کی خصوصی صفائی اور واٹر فلٹریشن  پلانٹس کے فلٹرز کی تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ سلسلے میں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے کچہری میں گرینڈ صفائی آپریشن کے دوران ہیوی مشینری کے ذریعے تمام تعمیراتی ملبہ اٹھا لیا ہے۔گزشتہ ایک ہفتے سے جاری خصوصی آپریشن صفائی کے ذریعے  ضلع کچہری کو چمکا دیا گیا ہے۔ ججز کورٹس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے دفاتر،کچہری میں قائم حوالات، ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس اور سڑکوں کی بھرپور صفائی کردی گئی ہے۔واسا کی طرف سے  واٹر ٹینکس کی کلوری نیشن اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹر کی تبدیلی کا کام بھی جاری ہے۔واسا حکام کے مطابق اب تک 60 سے زائد فلٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹر تبدیل کر دئے گئے ہیں۔دیہی علاقوں میں قائم واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹر بھی تبدیل کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلع کے تمام واٹر پیوری فکیشن پلانٹس کے فلٹرز کی تبدیلی کا حکم دے رکھا ہے۔

صفائی پلان

مزید :

ملتان صفحہ آخر -