جنرل ہسپتال شعبہ اطفال میں جدید اینڈو سکوپی یونٹ قائم
لاہور(پ ر) جنرل ہسپتال کے شعبہ اطفال میں انقلابی سہولیات کا اضافہ کرتے ہوئے جدید اینڈوسکوپی یونٹ قائم کردیا گیا ہے جہاں نومولود سے لے کر 18سال کی عمر کے بچوں کے معدہ و آنتوں کی بیماریوں کی تشخیص و علاج ممکن ہو سکے گا۔ اور اُس کے لئے جدید اینڈوسکوپی کی سہولت دستیاب ہوگی جس سے نہ صرف والدین کو اپنے بچوں کی بیماریوں کے بارے میں لا حق تشویش ختم ہوگی بلکہ غریب و نادار مریضوں کو اس مقصد کے لئے پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھاری اخراجات بھی نہیں اٹھانا پڑیں گے ان خیالات کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال میں بچوں کے امراض کے شعبے میں اینڈوسکوپی یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر محمد شاہد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید اینڈوسکوپی کے پروسیجر اور تمام معاملات سر انجام دینے کے لئے ڈاکٹر محمد آفتاب،نصرت طاہرہ،ثمرین ارشاد، طیبہ حبیب اوررخسانہ ارشد نے خصوصی تربیت حاصل کی ہے جو یہاں اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ پبلک سیکٹر کے ہسپتالوں میں شعبہ امراض بچگان سے یہ سہولت انتہائی محدود پیمانے پر میسر ہے جبکہ ایل جی ایچ میں میں مخیر حضرات کے تعاون سے نصب ہونے والے جدید آلات سے صوبے بھر کے مریضوں کو علاج معالجے میں آسانی حاصل ہوگی۔ پرنسپل نے اس امر پر مسرت کااظہار کیا کہ ہمارے معاشرے میں صاحب ثروت اور مخیر حضرات کی کمی نہیں جو انسانیت کی خدمت کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں ان صاحب دل افراد کے تعاون سے مختلف شعبے کامیابی سے چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی بالخصوص کارپوریٹ سیکٹر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی آمدن کا کچھ حصہ غریب عوام کی فلاح و بہبود خصوصاً بیماریوں کی روک تھام اور علاج معالجے پر صرف کریں تاکہ نئی نسل کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال کی اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مخیر حضرات اس ہسپتال کے ساتھ مالی تعاون کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں اور انہیں اس بات کا پختہ یقین ہوتا ہے کہ اُن کی جانب سے دیے گئے عطیات حقداروں تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ کے دروازے تمام غریب اور امیر افراد کے لئے یکساں طور پر کھلے ہیں اور ہسپتال کا عملہ ہمہ وقت دکھی انسانیت کی خدمت کرنے اور اپنے فرائض منصبی ا دا کرنے کے لئے تیار ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں جنرل ہسپتال کو ماڈل ہسپتال بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر پروفیسر محمد شاہد، ڈاکٹر عامر رشید، ڈاکٹر فریاد حسین،ڈاکٹر مزمل حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر محمد آفتاب و دیگر بھی موجود تھے۔