امریکہ قطر سے افغانستان کی نگرانی کریگا،جنرل میکنزی کا بل میں امریکی افواج کے کمانڈر مقرر،سفارتی عملے کے تحفظ اور ایئر پورٹ کی سکیورٹی پر نظر رکھیں گے:ترجمان پنٹاگان

امریکہ قطر سے افغانستان کی نگرانی کریگا،جنرل میکنزی کا بل میں امریکی افواج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن،کابل (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ترجمان پینٹاگون جان کروبی نے کہاہے کہ افغانستان سے انخلا کے بعد امریکی فوج کی مختصر تعداد وہاں رہے گی۔ہفتہ کو واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران جان کربی نے کہا صدربائیڈن کی ہدایات کے مطابق افغانستان سے محفوظ انخلاجاری ہے اور وہاں سے امریکی افواج کا انخلا اگست کے آخر تک مکمل ہوجائیگا جبکہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد امریکی فوج کی مختصر تعداد وہاں موجود ہوگی۔ترجمان پینٹاگون نے بتایا افغانستان میں امریکی مشن کی کمانڈ جنرل فرینک میکنزی کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے اور وہاں امریکی مشن کی کمانڈکی منتقلی رواں ماہ کے آخر تک نافذ ہونے کی توقع ہے، جنرل میکنزی افغا نستا ن میں امریکی افواج کے کمانڈرکی تمام ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ جنرل ملر ذمہ داریاں جنرل میکنزی کو منتقل کرنے کیلئے کچھ ہفتے افغانستا ن میں رہیں گے۔ ترجمان پینٹاگون نے بریفنگ میں بتایا افغانستان سے انخلا کے بعد امریکہ قطر سے افغانستان کی نگرانی کریگا، ترجمان کا کہنا تھا افغانستان میں امریکی قیادت میں تبدیلی، بگرام ائیربیس کا کنٹرول واپس دینا انخلا میں اہم سنگ میل ہے، افغانستان میں امریکی فوج سفارتی عملے کے تحفظ اور کابل ائیرپورٹ کی سکیورٹی پرتوجہ رکھے گی،اس کے علاوہ امریکی فوج افغان فورسزکی معاونت و مشاورت، انسداددہشتگردی کی امریکی کوششوں میں سپورٹ کریگی۔جان کربی نے مزید کہا افغان حکومت اور عوام کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔دوسری طرفافغانستان میں طالبان نے امریکی فورسز کے چھوڑے گئے ساز و سامان اور گولہ بارود پر قبضہ کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق طالبان نے امریکی افواج کی واپسی کے بعد چھوڑی گئی فورسز کی گاڑیوں اور بکتر بند گاڑیوں پر قبضہ کرلیا ۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر افغان طالبان کی کچھ تصاویر سامنے آنے کے بعد کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالبان نے گزشتہ ماہ جون میں 700 فوجی گاڑیوں کو قبضے میں لیا ہے جنہیں اب طالبان اپنی کارروائیوں کے لیے استعمال کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ انہوں نے افغان فورسز کے بھی متعدد ہتھیار قبضے میں لے رکھے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کا بتاناہے کہ 30 جون تک کی جانیوالی تحقیقات میں یہ شواہد سامنے آئے کہ طالبان نے 715 عام گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی متعدد سازو سامان اور گولہ بارود قبضے میں لیے جانے کی اطلاعا ت ہیں جن کی طالبان نے فی الحال کوئی تصاویر یا ویڈیوز جاری نہیں کی ہیں۔اس حوالے سے طالبان کی مشتبہ تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہیکہ افغان طالبان ٹرکوں، توپوں اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ موجود ہیں۔ امریکی اور اتحاد افواج کے انخلا کے نتیجے میں گزشتہ روز امریکی فوج نے بگرام ائیربیس کو 20 سال بعد خالی کیا   جو اب باضابطہ افغان حکومت کے حوالے کردیا گیا ہے۔افغان حکام کے مطابق بگرام ائیربیس القاعدہ کے خلاف امریکی جنگ کا مرکز تھا۔
پینٹاگان

مزید :

صفحہ اول -