سپورٹس راؤنڈ اپ

سپورٹس راؤنڈ اپ

  

 ٹوکیو اولمپکس 2021 کیلئے قومی ایتھلیٹس کے نام فائنل

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے قومی ایتھلیٹس کے نام فائنل کردیے.پی او اے کے مطابق 10 پاکستانی کھلاڑی 6 کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔سیکریٹری پی او اے خالد محمود کے مطابق نجمہ پروین بھی پاکستانی دستے کا حصہ ہوں گی، نجمہ پروین 200 میٹر ریس میں شریک ہوں گی۔شوٹنگ میں جی ایم بشیر خلیل اختر اور گلفام جوزف ایکشن میں ہوں گے۔ سوئمنگ میں بسمہ خان اور حسیب طارق پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ بیڈ منٹن کے کھیل میں نامور پاکستانی کھلاڑی ماحور شہزاد ایکشن میں ہوں گی۔ایتھلیٹس ایونٹ میں ارشد ندیم اور نجمہ پروین حصہ لیں گی، جبکہ ویٹ لفٹنگ میں طلحہ طالب اور جوڈو میں شاہ حسین شاہ شرکت کریں گے۔

46برس بعد اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے، طلحہ طالب

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب  نے کہا ہے کہ 46برس کے بعد اولمپکس کے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، خوشی ہے کہ میں اب اولمپین کہلاؤں گا۔طلحہ طالب پاکستان کے ٹاپ ویٹ لفٹر ہیں، انہیں انویٹیشن پلیس پر ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے، وہ ویٹ لفٹنگ کی 67کلو گرام کلاس میں مقابلہ کریں گے۔طلحہ طالب نے کامن ویلتھ گیمز میں برانز، ساتھ ایشین گیمز میں گولڈ، انٹرنیشنل سالیڈیریٹی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا اور حال ہی میں ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئین شپ میں برانز میڈل بھی جیتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ طالب نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے، میں 45برسوں کے بعد اولمپکس کے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں، ارشد ملک نے 1976کے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، میں نے بہت تیاری کی ہوئی ہے، میں میڈل کے لیے فائٹ کروں گا۔طلحہ طالب نے کہا کہ ایک سال سے جہاں ٹریننگ کر رہا ہوں وہ مناسب جگہ نہیں ہے، میں ایک اسکول میں ٹرییننگ کرتا ہوں، یہ ایک پرائیویٹ جگہ ہے، مجھے ڈیڈ لائن ملی ہوئی ہے کہ میں نے اس ماہ جگہ خالی کرنی ہے، حکومت سے التماس ہے کہ مجھے جم کے لیے جگہ فراہم کی جائے، اگر مجھے جگہ ناملی تو میرا کیرئیر ختم ہو جائے گا۔ویٹ لفٹر نے بتایا کہ کووڈ کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جم بند تھے تو میں گھر کی دوسری منزل پر ٹریننگ کرتا رہا، ٹریننگ کے لیے میں ذاتی طور پر اپنا سامان لیکر آیا تاکہ ٹریننگ میں وقفہ نا آئے۔

   ومبلڈن ٹینس میں سرینا ولیمز نمناک آنکھوں سے رخصت ہوگئیں 

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ سے باہر ہوگئیں۔ سرینا ولیمز پہلے راونڈ کے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئی تھیں۔سرینا ولیمز اس وقت انجری کا شکار ہوئیں جب پہلے سیٹ میں مقابلہ تین، تین گیم سے برابر تھا۔ ٹینس اسٹار انجری کے باعث آبدیدہ بھی ہوگئیں۔واضح رہے کہ 20 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ سرینا ولیمز چیمپئن شپ کے پہلے راونڈ سے آگے نہ جاسکیں۔

عرفان محسود کا پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے  پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا۔عرفان محسود نے ایک پاؤں پر 100 پاؤنڈ وزن کیساتھ ایک منٹ میں 43 پش اپ لگا کرگنیز ورلڈ ریکارڈ بنا لیا۔عرفان محسود نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا،عرفان محسود سے قبل فرانس کے ایلیق لیجیون نے 31 پش اپ لگاکر ریکارڈ بنایا تھا۔گنیز بک آف ورلڈ رکارڈ نے عرفان محسود کے باقاعدہ ریکارڈ کی تصدیق کردی ہے۔عرفان محسود نے بھارتی ایتھلیٹ کا ریکارڈ توڑ دیا،عرفان محسود کا کہنا ہے کہ 50 عالمی ریکارڈ بنانا میرا مشن ہے، پاکستان اور وزیرستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھانا مشن ہے۔

   قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے دو کھلاڑی کیمپ سے فارغ

قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے دو کھلاڑی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیمپ سے فارغ کردیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ میں رپورٹ کے دوران کھلاڑیوں کا اسپورٹس بورڈ پنجاب کے سیکیورٹی گارڈز سے جھگڑا ہوا تھا۔خیال رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن  نے جونیئر ایشیا کپ کی تیاری کے لیے کیمپ لگایا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے معاملے کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے

 کوہِ پیما سلینا خواجہ کا براڈ پیک سر کرنے کا عزم

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی 12 سال کی کوہ پیما سلینا خواجہ اسکردو پہنچ گئیں،  سلینا 8 ہزار 47 میٹر بلند براڈ پیک سر کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔سلینا خواجہ کا کہنا ہے کہ آلودگی کے باعث ماحول تباہ ہوچکا ہے،  میں دنیا کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہوں۔ننھی پاکستانی کوہِ پیما کا نیا عالمی ریکارڈ سلینا نے 2019 میں مشکل ترین 7 ہزار 27 میٹر بلند چوٹی ’اسپنٹک‘ سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، سلینہ نے یہ ریکارڈ 10 سال کی عمر میں قائم کیا تھا۔سلینا نے 9 سال کی عمر میں دنیا کی تیسری 6 ہزار 50 میٹر بلند ترین چوٹی ’منگلی‘ کو سر کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔سلینا خواجہ5 ہزار 765 میٹر بلند ’کوزہ سر‘ چوٹی بھی سر کر کے عالمی ریکارڈ بنا چکی ہیں۔کم عمر کوہ پیما سلینا خواجہ کی تربیت ان کے والد نے خود کی ہے، انہوں نے اپنی بیٹی کی لگن اور شوق کو دیکھتے ہوئے خطروں سے کھیلنے کی تیاری کیلئے گھر میں ہی فٹنس کلب قائم کیا ہوا ہے

مزید :

ایڈیشن 1 -