کھیلوں سے نوجوانوں میں قوت برداشت پیدا ہوتی ہے، گورنرسندھ 

کھیلوں سے نوجوانوں میں قوت برداشت پیدا ہوتی ہے، گورنرسندھ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آل کراچی یونیورسٹیز فٹبال مقابلہ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ آل کراچی یونیورسٹیز فٹبال مقابلہ کا اہتمام پاکستان رینجرز سندھ نے کیا تھا۔ فٹبال کا فائنل میچ اقراء یونیورسٹی اور ہمدرد یونیورسٹی کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ جس میں اقراء یونیورسٹی کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میچ چار۔ ایک کی برتری سے جیت لیا۔ جیتنے والی ٹیم کو گورنر سندھ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے چیمپئن کپ دیا۔ اقراء یونیورسٹی کے طہٰ اور حاشر مین آف سیریز قرار دئیے گئے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ صحت مند کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کے لئے بہت اچھی ہیں،کھیلوں سے نوجوانوں میں قوت برداشت اور وقت کی پابندی جیسی خصوصیات پیدا ہوتی ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ڈی جی رینجرز کی کمانڈ میں پاکستان رینجرز سندھ عمدہ سیکیورٹی کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں صحت مند مقابلوں کے انعقاد میں بھی پیش پیش ہیں جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال مقابلہ میں شریک یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز بھی مبارکباد کے لائق ہیں۔ گورنر سندھ نے کراچی کے قیام امن میں بالخصوص پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لئے شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ پاکستان رینجرز کی جانب سے ہاکی اور فٹبال کے مزید مقابلوں کا بھی شہر میں انعقاد کیا جائیگااس سے نوجوانوں کو مثبت رجحان کے ساتھ ساتھ انھیں صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔