فواد چوہدری کا دعویٰ مسترد،قومی سلامتی کمیٹی میں وزیر اعظم کی موجودگی پر بات نہیں ہوئی:شیخ رشید

فواد چوہدری کا دعویٰ مسترد،قومی سلامتی کمیٹی میں وزیر اعظم کی موجودگی پر ...

  

  اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں وزیراعظم کی موجودگی پر بات نہیں ہوئی تھی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ملک کی اندرونی سیاست پر کوئی بات نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت ایک ہیں، افغانستان میں امن چاہتے ہیں، قوم امریکہ کو اڈے نہ دینے پر عمران خان کیساتھ کھڑی ہے۔نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہاکہ برطانیہ سے مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ ایک ڈیڑھ ماہ میں ہوجائے گا لیکن کیا نوازشریف کو واپس لاسکتے ہیں اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ پر شیخ رشید احمد نے اعتراف کیا کہ کوتاہی ہوئی ہے،ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی آزاد کشمیر الیکشن کمپین کی قیادت وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا پر انہوں نے کہا کہ اصل خطرہ ٹی ٹی پی نہیں افغانستان میں ازبک، تاجک اور ہزارہ کی بننے والی فوج ہے۔ افغان مہاجرین کے حوالے سے فیصلہ پاکستانی مفادات کو دیکھتے ہوئے کریں گے۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرح اسامہ بن لادن کو شہید کہنے پر کوئی جواب نہ دیا۔

شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -