بیوی سے بچنے کیلئے آدمی نے کورونا کی جھوٹی رپورٹ تیار کرالی، لیکن پھر اس کے ساتھ کیا ہوا؟
اندور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک کاروباری شخصیت نے اپنی بیوی سے بچنے کیلئے کورونا کی جھوٹی رپورٹ تیار کرالی۔ بعد ازاں جب رپورٹ جھوٹی ہونے کا انکشاف ہوا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اندور شہر سے تعلق رکھنے والے اعجاز احمد کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا تھا جس کے باعث اس نے بیوی سے دور جانے کیلئے خود کو کورونا کا مریض ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اعجاز نے انٹرنیٹ سے کورونا کی رپورٹ ڈاؤن لوڈ کی اور اس پر اپنا نام درج کرکے گھر والوں کو بھیج دی۔ اعجاز نے گھر والوں کو بتایا کہ کورونا مثبت آنے پر اسے سرکاری ہسپتال میں کچھ دنوں کیلئے رہنا پڑے گا۔
اہل خانہ کے مطابق جب اعجاز احمد ایک مہینے بعد بھی گھر نہیں لوٹا تو اس کی بیوی کو شک ہوگیا اور اس نے اپنے والد سے رپورٹ کی تصدیق کرانے کا کہا۔ ایک پرائیویٹ لیبارٹری سے جب رپورٹ کا معائنہ کرایا گیا تو پتہ چلا کہ یہ جھوٹی ہے۔
بعد ازاں لیبارٹری کی مالکن ونیتا کوٹھاری نے پولیس کو جعلی رپورٹ کے بارے میں آگاہ کردیا جس پر اعجاز احمد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اعجاز احمد کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔