سدھو موسے والا کی گاڑی پر گولیاں چلانے والے شوٹر کو گرفتار کر لیا گیا
دہلی(ویب ڈیسک)بھارتی پولیس نے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا پر 29 مئی کو گولیاں برسانے والے شوٹر کو آخر کار گرفتار کر لیاہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے سپیشل سیل نے لارنس بشنوئی ،گولڈی برار گینگ سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب مجرمان کو گرفتار کیا ہے ان دونوں میں سے انکت نامی گینگسٹر ان شوٹر میں شامل ہے جو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہے۔جبکہ دوسرا ملزم سچن بھیوانی سدھو موسے والا کیس کے چار شوٹرز کو پناہ دینے کا ذمہ دار تھا۔ دہلی پولس نے دونوں ملزمان کو کشمیری گیٹ بس سٹینڈ کے قریب سے گرفتار کیاہے۔
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم، 30 ایم ایم پستول تین ،پنجاب پولیس یونیفارم، دو موبائل فون اور سِم کارڈ برآمد ہوا ہے جوکہ ممکنہ طور پر سدھو موسے والا کے قتل میں استعمال کیا گیا ہوگا۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو ضلع مانسا میں گاڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے قتل کر دیا گیا تھا ۔