بھارت امن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

بھارت امن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر
بھارت امن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

  

فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہماری فوج دنیا کی عظیم فوج ہے جو دہشت گردی کے چیلنج سے پوری طرح نمٹ رہی ہے ،  بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی شرمناک پامالیاں کی جارہی ہیں ۔ اس سب کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت اور جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔  ہم بھارت کو کہتے ہیں کہ امن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے وگرنہ وہ ہماری طاقت سے اچھی طرح واقف ہے، وہ  لائلپور وارئیرز پاکستان کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 'اے راہ حق کے شہیدو!' کے عنوان سے کینال پیلس مارکی ویسٹ کینال روڈفیصل آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ایئر مارشل(ریٹائرڈ) ارشد محمود ملک،ایئر مارشل (ریٹائرڈ) فرحت ایچ خان، آزاد کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفراقبال، آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر، پیر مظہرسعید شاہ رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیرو دیگر پارلیمینٹیرینز آزاد کشمیر،فیصل آباد چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران، تاجر برادری کے سرکردہ رہنماؤں،حاضر اور ریٹائرڈ فوجی افسران، شہدا کی فیملیز، میجر شاہد بشیر شہید، میجر نثار الماس شہید، کیپٹن ڈاکٹر بلال خلیل شہیدکے عزیز واقارب اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ افواج پاکستان کے حوالے سے جب بھی تقریب ہوتی ہے تو میں اس میں شرکت کرنے کی ضرور کوشش کرتا ہوں حالانکہ ابھی ہمارا بجٹ سیشن کلوز ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر گلیشیئر سے شروع ہوکر سیالکوٹ کے بارڈرتک ہے جبکہ اس ملک کے بننے میں انکے بزرگوں کی بے شمار قربانیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو لاکھ فوج کشمیر میں کسی بچے، بزرگ اور خاتون کی پہچان کئے بغیرا نہیں بے دریغ شہید کر رہی ہے مگر عالمی قوتیں خاموش ہیں۔ہماری فوج اپنی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنا جانتی ہے جبکہ 27  کروڑ مسلمان ہندوستان میں رہتے ہیں لہٰذا اگر انہیں غیرت آگئی تو ہندوستان اپنا انجام سوچ لے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -فیصل آباد -