لاہور (نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، شدید با رشوں کے باعث گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں چھت گرنے کے باعث ماں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق کامونکی کے نواحی علاقہ صالح پور میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، چھت گرنے سے ملبہ دب گیا جس کے باعث ماں بیٹا اور بیٹی جا ں بحق ہو گئیں، جاں بحق ہونیوالوں میں 50 سالہ حنیفاں بی بی، اٹھارہ سالہ بیٹی لائبہ اور 20 سالہ بیٹا عادل شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق باپ بیٹا کوزخمی حالت میں ملبے سے نکال لیاگیا، اہلخانہ بارش کے باعث کمرے میں موجودتھے اچانک چھت زمین بوس ہو گئی، جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں طوفانی بارش کے دوران دیوار گرنے سے 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کے بعد شوکت خانم روڈ پر طوفانی بارش کے دوران ریسٹورنٹ کی دیوار گرگئی،7 افراد زخمی، ہسپتال منتقل کر دیا گیا،صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں اسلام پورہ، گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، نشتر کالونی، گلشن راوی، ہربنس پورہ دسمیت شہر بھر میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی مفلوج ہو گیا، متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔گوجرانوالہ اور شرقپور میں تیز آندھی کیساتھ بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، اسلام آباد، مری، دینہ، جہلم، آزاد کشمیر، وزیرآباد، ظفروال سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز بارش کے باعث گلیاں اور سڑ کیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ادھرلاہور سمیت لیسکو ریجن میں آندھی اور تیز بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔جہاں لیسکو کے 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ شد ید آندھی اور بارش کے باعث نادرن، ایسٹرن اور شیخوپورہ سرکل سب سے ذیادہ متاثر ہوئے،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علا قے بجلی سے محروم ہو کر اندھیرے میں ڈوب گئے، جن میں جلو موڑ، باغبانپورہ، مغلپورہ، فتح گڑھ، والٹن روڈ،چونگی امرسدھو، سمن آباد، شاہدرہ، راوی روڈ،آر اے بازار، نشاط کالو نی، بھٹہ چو ک،انارکلی، ہال روڈ، بیڈن روڈ، قلعہ گجر سنگھ، شاد باغ، بادامی باغ، ریلوے اسٹیشن کے متعدد علاقے شامل ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن کے کچھ علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر فیلڈ سٹاف کو الرٹ کردیا گیا ہے، لیسکو ریجن میں شدید آندھی کے پیش نظر انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے کہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں،بارش کی شدت میں کمی کیساتھ ہی بجلی بحالی کا عمل شروع کردیا گیاہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، مون سون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان کیساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے کی موجودگی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنائے، سیاح و مسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے با خبر رہیں۔
آندھی،بارش