شوبز شخصیات کا سینئر اداکار شکیل کے انتقال پر اظہار افسوس
لاہور(فلم رپورٹر) شوبز شخصیات نے سینئر اداکار شکیل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار شکیل نے اپنی لازوال اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ،شکیل نے جو بھی کردار ادا کیا وہ ان کی شناخت بن گیا ۔ سینئر اداکار منور سعید ،جاوید شیخ، غلام محی الدین ، نعمان اعجاز، بشریٰ انصاری، مرینہ خانہ، سکینہ سموں، ثانیہ سعید، شہزاد رضا سمیت دیگر نے شکیل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکیل نہ صرف ایک بہترین اداکار بلکہ شفیق اور محبت کرنے والے انسان تھے ، ان سے جڑی ہوئی یادوں کو شاید ہی بھلایا جا سکے گا۔ شوبز شخصیات نے کہا کہ انکل عرفی، انتظار فرمائیے، شہزوری، زیر زبر پیش، ان کہی، افشاں، انا، عروسہ، آنگن ٹیڑھا سمیت ان کے ڈراموں کی ایک طویل فہرست ہے جس میں انہوں نے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ۔