ہمارا خطہ موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہورہا ہے،بلال افضل

ہمارا خطہ موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہورہا ہے،بلال افضل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)نگران وزیر منصوبہ بندی، جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری بلال افضل نے کہا ہے کہ ہمارا خطہ سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہا ہے اورزیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہی اس بڑے چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے وہ  اپنی زیر صدارت ڈی جی فشریز کے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔محکمہ کے سیکرٹری مدثر وحید اور دیگر افسران نے انہیں کارکردگی اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔ بلال افضل نے ہدایت کی کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے سزائیں مزید سخت کی جائیں تاکہ درخت کاٹنے والوں کا محاسبہ ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چند دن بعد شروع ہونے والی مون سون شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے بھر پور لائحہء عمل مرتب کیا جائے۔ بلال افضل نے کہا کہ صوبہ میں جھینگے اور مچھلی کی پیداوار کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا اس کے لیے نئی پالیسی وضع کی جائے تاکہ نہ صرف مقامی ضرورت پوری ہو سکے بلکہ برآمدات کے ذریعے بیرونی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری اور ماہی پروری کے فروغ کے لیے نجی سیکٹر سے بھی معاونت لی جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چڑیا گھروں اور سفاری پارکوں میں اضافی جانور خواہشمند شہریوں کی نگرانی میں دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ایک تو ان کی نگہداشت بہتر ہو اور دوسرے حکومتی آمدن میں بھی اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے چھڑانے کے ساتھ ساتھ محفوظ بھی بنایا جائے اور اس حوالے سے کسی سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ بلال افضل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے حکومت بھر پور تعاون کرے گی اوروہ خود بھی کابینہ کمیٹیوں میں محکمہ کے زیر التوا معاملات جلد حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید :

کامرس -