قرآن پاک کی بیحرمتی ناقابل قبول، گستاخانہ عمل، پوپ فرانسس
لندن(مانیٹر نگ ڈیسک) سویڈن میں عید الاضحیٰ کے پہلے روز مسجد کے باہر پولیس سکیورٹی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا بیان سامنے آگیا ہے۔سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کے واقعے پر لندن میں سویڈش سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے قرآن پاک ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بیحرمتی انتہائی افسوسناک عمل ہے، سویڈش حکومت ذمہ دار افراد کے خلاف ایکشن لے۔احتجاج میں شامل افراد کا کہنا تھا ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، پرْامن احتجاج کے ذریعے سویڈش حکومت تک جذبات پہنچانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اماراتی اخبار کو انٹرویو میں سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کے واقعے کو ناقابل قبول گستاخانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔پوپ فرانسس کا کہنا تھا آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی عقیدے کی مقدس کتاب کی بیحرمتی قابل مذمت اور کسی بھی عقیدے کے ماننے والوں کی دل آزاری ناقابل برداشت ہے۔عیسائیوں کے روحانی پیشوا کا کہنا تھا آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی عقیدے کے مقدسات کی توہین اور اس کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے۔
پوپ فرانسس