قیمتیں کم، حکومت کپاس خریداری شروع کرے، وحید ارشد

قیمتیں کم، حکومت کپاس خریداری شروع کرے، وحید ارشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 ملتان(نیوز ر پورٹر) پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) نے قیمتوں میں مسلسل کمی پر حکومت سے کپاس کی فوری خریداری شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پی سی جی اے کے چیئرمین چوہدری وحید ارشد نے میڈیا سے بات چیت کرتے کہا کہ ایک جانب حکومت ملک میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات عمل میں لا رہی ہے تو دوسری جانب اپنے ہی کیے گئے اعلانات پر عمل پیرا نہیں اور کسانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے جس سے ملکی کسانوں، کاشتکاروں میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔ حکومت نے کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے من مقرر کی تھی اور اعلان کیا تھا کہ کپاس کی قیمتوں (بقیہ نمبر18صفحہ6پر )
میں کمی پر حکومت میدان میں آئے گی اور کسانوں سے 8500 روپے من کے حساب سے کپاس خرید کی جائے گی اب جب کہ مارکیٹ میں کپاس کے نرخ گراوٹ کا شکار ہیں اور نرخ 7000 روپے من تک آگئے ہیں حکومت کی جانب سے خریداری کا کام شروع نہیں کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے بنولہ پر عائد ٹیکس کے خاتمے کا بھی اعلان کیا تھا جس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے بھی کپاس کی قیمت میں 500 روپے کی کمی سامنے آئی ہے۔ ملک میں مارک اپ کی بڑھتی شرح اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی مناپلی کی وجہ سے بھی کپاس کی قیمتوں پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ حکومت نے اس بارے توجہ نہ دی اور کپاس کی خریداری کے لیے اقدامات عمل میں نہ لائے گئے تو آئندہ سال کپاس کاشت نہیں ہوگی جس کے معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر کپاس کی خریداری کا کام شروع کرے اور کسانوں کو جن مسائل کا سامنا ہے ان کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات عمل میں لائے تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو سکے۔