لاہور سمیت مختلف علاقوں میں آندھی ، تیزبارش ، نشیبی علاقے زیر آب ، متعدد فیڈرٹرپ ، بجلی معطل : شہریوں کو مشکلات
لاہور (نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں اسلام پورہ ، گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، نشتر کالونی، گلشن راوی، ہربنس پورہ دسمیت شہر بھر میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی مفلوج ہو گیا، متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔گوجرانوالہ اور شرقپور میں تیز آندھی کیساتھ بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، اسلام آباد، مری، دینہ، جہلم، آزاد کشمیر، وزیرآباد، ظفروال سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز بارش کے باعث گلیاں اور سڑ کیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ادھرلاہور سمیت لیسکو ریجن میں آندھی اور تیز بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔جہاں لیسکو کے 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔شدید آندھی اور بارش کے باعث نادرن، ایسٹرن اور شیخوپورہ سرکل سب سے ذیادہ متاثر ہوئے ،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علا قے بجلی سے محروم ہو کر اندھیرے میں ڈوب گئے، جن میں جلو موڑ، باغبانپورہ، مغلپورہ، فتح گڑھ، والٹن روڈ ،چونگی امرسدھو، سمن آباد، شاہدرہ، راوی روڈ ،آر اے بازار، نشاط کالو نی ، بھٹہ چوک،انارکلی، ہال روڈ، بیڈن روڈ، قلعہ گجر سنگھ، شاد باغ، بادامی باغ، ریلوے اسٹیشن کے متعدد علاقے شامل ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن کے کچھ علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر فیلڈ سٹاف کو الرٹ کردیا گیا ہے، لیسکو ریجن میں شدید آندھی کے پیش نظر انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے کہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں،بارش کی شدت میں کمی کےساتھ ہی بجلی بحالی کا عمل شروع کردیا گےاہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، مون سون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان کےساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے کی موجودگی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنائے، سیاح و مسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے با خبر رہیں۔
آندھی ،بارش