کراچی میں ہیضے کی وبا ءپھوٹ پڑی، 4 جاں بحق، سینکڑوں ہسپتال منتقل
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں ہیضے کی وباء پھوٹ پڑی، جس کے باعث 4 افراد جاں بحق جبکہ 600 سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈائریا پھیلنے کی بنیادی وجہ پانی کا مضر صحت ہونا ہے جس کیلئے واٹر بورڈ حکام کو درخواست کردی گئی ہے، اہل علاقہ کے مطابق وبءا نے 600 سے زائد افراد کو متاثر اور 4 افراد کی زندگیاں چھین لی ہیں، متاثر ہونیوالوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب سرکاری طور پر ایک خاتون کے جاں بحق ہونے اور 259 سے زائد افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع ملیر کے شیدی گوٹھ میں اب تک 259 سے زائد افراد بشمول بچے و خواتین متاثر اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے حکام کا کہنا ہے کہ گوٹھ کا پانی مضر صحت ہونے سے ہیضہ پھیلا ہے، پانی کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔