اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملے جاری، شہداء کی تعداد 10 ہوگئی
مقبوضہ بیت المقدس (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں جینن اور رام اللہ میں حملے جاری ہیں جس میں شہید ہونیوالوں کی تعداد 10 ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے پر کیے جانے والے اس حملے کو گزشتہ کئی دہائیوں میں سب سے بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے، پیر کے روز ایک ہزار کے قریب اسرائیلی فوجیوں کی معاونت سے کیے جانے والے فضائی حملوں میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فلسطینی ریڈ کراس کا کہنا ہےکہ آدھے اسکوائر کلو میٹر کے علاقے میں 14 ہزار افراد آباد تھے جہاں پناہ گزین کے کیمپ سے 3 ہزار افراد کو نکالا گیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہر کو چھوڑنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں فوجی گاڑیاں اور بلڈوزر موجود ہیں۔اقوام متحدہ کے اداروں نے اسرائیل کے بڑھتے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے والوں کو بھی ان تک رسائی سے روکاجارہا ہے۔