مصر‘ معروف اینکر باسم یوسف کا طنزیہ ٹی وی شو بند

مصر‘ معروف اینکر باسم یوسف کا طنزیہ ٹی وی شو بند

قاہرہ(آن لائن)مصر کے معروف طناز اور کرشماتی ٹی وی میزبان باسم یوسف نے اپنے مقبول طنزیہ شو البرنامج کو اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق انھوں نے یک نیوز کانفرنس میں اپنے پروگرام کے عملے سے مشاورت کے بعد اس کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے یہ فیصلہ مصر میں نئی سیاسی تبدیلی کے پیش نظر کیا ہے کیونکہ ان کے بہ قول پروگرام کی روح کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے اس کو بند کرنا زیادہ بہتر ہے۔باسم یوسف اور ان کے عملے نے مصر سے کہیں باہر سے اس پروگرام کو نشر کرنے کی پیش کش بھی ٹھکرا دی ہے۔ان کے پروگرام کی بندش یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سابق آرمی چیف عبدالفتاح السیسی کی بطور صدر کامیابی کا باضابطہ اعلان ہونے ہی والا ہے۔وہ گذشتہ ہفتے منعقدہ صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے تھے۔باسم یوسف ماضی میں عبدالفتاح السیسی پر ان کا نام لیے بغیر طنز کے نشر چلاتے رہے ہیں۔

مصری حکام نے العربیہ نیوز کو بتایا ہے کہ البرنامج کو معطل کرنے کا فیصلہ حکومتی دباو¿ کا نتیجہ نہیں ہے۔باسم یوسف کا شو ایم بی سی گروپ کے چینل ایم بی سی مصر: العربیہ نیوز سے نشر کیا جاتا رہا ہے۔یادرہے کہ چالیس سالہ باسم یوسف نے حالیہ مہینوں کے دوران ''البرنامج'' کے ذریعے عالمگیر شہرت حاصل کی تھی۔وہ مصر کے پہلے منتخب اور اب برطرف صدر محمد مرسی کے سخت نقاد رہے ہیں اور اپنے پروگراموں میں ان کا اور ان کی پالیسیوں کا مضحکہ اڑاتے رہے ہیں۔

مزید : عالمی منظر