مہنگائی کے حساب سے ریلیف نہیں ملا، صو بائی دارالحکومت کے شہریوں نے بجٹ مسترد کر دیا

مہنگائی کے حساب سے ریلیف نہیں ملا، صو بائی دارالحکومت کے شہریوں نے بجٹ مسترد ...

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)صوبائی دارالحکومت کے شہریوں نے نواز حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ کو غیر عوامی قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر رد کر دیا،بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی عوام کو ریلیف دینے کے لیئے کوئی خاص اقدامات کیئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار لاہور کے شہریوں نے بجٹ کے حوالے سے "پاکستان" سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ہے۔شہری میاں اویس نے کہا کہ نئے سال کا بجٹ عوامی بجٹ نہیں ہے اس میں مزدور کی تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔بارہ ہزار تنخواہ کردینا غریبوں کی غریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔شہری علی شاہ نے کہا کہ بجٹ میں بڑے بڑے پراجیکٹ بنانے کے حوالے سے باتیں کی گئیں ہیں مگر اس سے ہم غریبوں کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔شہری محمد یاسر نے کہا کہ نئے سال کے بجٹ میں روزمرہ استعمال کی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ بجٹ عوامی بجٹ نہیں ہے۔اس سے غریب عوام مزید غریب تر ہو جائے گی۔شہری محمد باقر نے کہا کہ بازار میں تاجروں کو ہر کاروبار میں مندے کا سامنا ہے۔بجٹ تب ہی اچھا ہو گا جب عوام کا کاروبار ٹھیک ہو گا اگر ایسا نہ ہوا تو یہ بجٹ اس حکومت کے پچھلے بجٹ کی طرح ناکام ہو جائے گا۔شہری نصیر احمد نے کہا کہ بجٹ میں ایک بہت بڑی رقم سڑکیں بنانے کے لیئے رکھی گئی ہے اگر اس رقم کو تعلیم اور عوامی ریلیف کے لیئے رکھ لیا جاتا تو اسے ہم عوامی بجٹ کہ سکتے تھے ۔سڑکوں کی تعمیر پر اتنی خطیر رقم صرف کرنا بتاتا ہے کہ یہ بجٹ عوام کے لیئے نہیں بلکہ امراءکے لیئے ہے۔شہری محمد شاہد نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضروریات بجلی،پانی اور اچھا روزگار ہے،اگر اس میں ریلیف نہیں ملے گا تو باقی چیزوں کا عوام نے کیا کرنا ہے۔شہری محمد کاشف نے کہا کہ سی این جی پر حکومت نے بہت زیادہ ٹیکس لگا دیا ہے جو کہ صحیح نہیں ہے پہلے ہی ہفتے کے مخصوص دنوں میں ہمیں سی این جی دستیاب ہے اوپر سے اس کو مزید مہنگا کر دینا کہاں کا انصاف ہے۔شہری محمد شعیب نے کہا کہ یہ بجٹ صرف ایک ڈرامہ ہے ۔اور اس کا تعلق صرف کاغذی کارروائی ہے اس سے عوام کو نہ ماضی میں فائدہ ملا ہے نہ اب ملے گا۔شہری محمد اشفاق نے کہا کہ بجٹ میں حکومت نے ملک میں کاروبار کی ترقی کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ نہیں کیا جو کہ افسوسناک امر ہے۔شہری شفیق احمد نے کہا کہ نیا بجٹ بھی اس حکومت کے پرانے بجٹوں کی طرح عوام مخالف اور امراءکے حق میں ہے۔

شہریوں کا ردعمل

مزید : علاقائی