سندھ میں ریل سروس معطل مسافروں کی مشکلات بڑھ گئیں
لاہور (سٹاف رپورٹر)لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد کشیدگی پیدا ہونے پر سندھ میں ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے تاہم کشیدگی سے قبل کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینیں خیبر پختونخوا بلوچستان اور پنجاب پہنچ رہی ہیں جنہیں سندھ میں ممکنہ حد تک سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔ گذشتہ روز کراچی سے 11اہم ٹرینیں تین گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں جوآج غیر معمولی تاخیر سے لاہور پہنچیں گی۔ ان میں برنس ایکسپریس ، قراقرم ایکسپریس ، ملت ایکسپریس ، کراچی ایکسپریس ، تیز گام ، ذکریا ایکسپریس ، بولان میل ، نائٹ کوچ ، فرید ایکسپریس ، خوشخال خان خٹک ایکسپریس اور خیبر میل شامل ہیں۔قبل ازیں اندرون سندھ امن امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر تین ٹرینون کو دوران سفر مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا پاکستان ایکسپریس کو حید رآباد ، علامہ اقبال جمپیر جبکہ نائٹ کوچ کو لانڈی اسٹیشن پر روکا گیا۔ ہزاروں مسافر مشکلات سے دوچار ہیں اورسندھ میں ریل آپریشن معطل ہونے سے اس تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ سندھ میں ٹرین سروس معطل ہونے سے پہلے بھی کراچی سے کئی ٹرینیں 2سے ساڑھے 11گھنٹے کی غیر معمولی تاخیر سے لاہو رپہنچیں ، مسافر گاڑیوں کی راہ تکتے اور ریلوے حکام کو کوستے رہے ۔ بزنس ٹرین ساڑھے 11 ، علامہ اقبال ایکسپریس 9گھنٹے 40منٹ ، کراچی ایکسپریس 8گھنٹے25منٹ ، عوام ایکسپریس 5گھنٹے 45منٹ ، نائٹ کوچ 5گھنٹے 15منٹ ، شالیمار 4گھنٹے45منٹ، جعفر ایکسپریس 2گھنٹے 25منٹ ، خیبر میل 2گھنٹے ، تیز گام 1گھنٹہ 35منٹ اور قراقرم ایکسپریس 1گھنٹہ 5منٹ کی تاخیر سے لاہور پہنچی ۔