بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا،اسحاق ڈار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔ قومی اسمبلی میں اپنی بجٹ تقریر میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر فیصلہ کیا ہے کہ بلاواسطہ ٹیکسوں کا حصہ بڑھایا جائے اور بالواسطہ ٹیکسوں کا حصہ کم کیا جائے کیونکہ وہ عام آدمی کو متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے سلسلے میں گزشتہ بجٹ برائے مالی سال 2013-14ءسے ہی حکومت کا یہ مقصد رہا ہے کہ ٹیکس کے دائرہ کو وسعت دی جائے، امیر اور بااثر لوگوں کو ٹیکس نہ دینا مہنگا پڑے۔ ٹیکس نظام میں بگاڑ پیدا کرنے والے تضادات کو ختم کیا جائے اور ٹیکس دینے والے اور ٹیکس وصول کرنے والوں کے درمیان رابطہ کم سے کم کرنے کے لئے خودکاری (آٹومیشن) کو فروغ دیا جائے۔