جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے
بیجنگ (نیوز ڈیسک) کہتے ہیں کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، چین میں ایک 42 سالہ خاتون 20 فٹ کی بلندی سے گری اور سٹیل کا ایک سریا اس کے جسم سے آر پار ہوگیا لیکن قدرت نے پھر بھی اس کی زندگی محفوظ رکھی۔ وو زنگ زیان نامی یہ خاتون ایک تعمیراتی پراجیکٹ پر کام کررہی تھی۔ وہ 20 فٹ کی بلندی پر لکڑی کے تختے پر کھڑی تھی کہ یہ تختہ اچانک ٹوٹ گیا اور وہ نیچے گرنے لگی، خاتون جس جگہ کام کررہی تھی اس کے عین نیچے سٹیل کے سریے نصب تھے اور یہ سیدھی ایک سریے کے اوپر گری جو کہ اس کی بائیں ران سے داخل ہوکر پیٹ اور سینے سے گزرتا ہوا کندھے کے پار ہوگیا۔ جب اسے ہسپتال پہنچایا گیا تو 6 فٹ لمبا سریا اس کے جسم میں پیوست تھا۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے پانچ گھنٹے کے آپریشن کے بعد سریا اس کے جسم سے نکالا۔ آپریشن کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا واقعہ کبھی نہیں دیکھا اور اس خاتون کا اس خوفناک حادثے میں زندہ بچ جانا قدرت کا معجزہ ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چینی میڈیا نے اس واقعے کو بھرپور کوریج دی اور اس خاتون کو انسانی کباب کا لقب دیا ہے۔