افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹو ں پرحملہ،4جوان شہید،دفتر خارجہ کی مذمت

افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹو ں پرحملہ،4جوان ...
افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹو ں پرحملہ،4جوان شہید،دفتر خارجہ کی مذمت

  


باجوڑ،اسلام آباد(نیوز ڈیسک) باجوڑ ایجنسی میں افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کے پاکستانی پوسٹوں پر حملے میں چار جوان شہید ہو گئے۔ افغان سرزمین سے دس روز میں پاکستانی پوسٹوں پر یہ تیسرا حملہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کہتی ہیں افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان پر ہونے والے حملوں کو روکے۔پچیس مئی سے اب تک تیسری مرتبہ افغانستان سے پاکستان پر حملہ کیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق باجوڑ میں سرحد پار سے دہشتگردوں نے پاکستانی پوسٹوں پر فائرنگ کی۔ دہشتگردوں نے مانوزنگل اور مکھا ٹاپ پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ گولیاں لگنے سے چار جوان شہید ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں پاک فوج کا ایک افسر بھی شامل ہے۔ اس سے پہلے اکتیس مئی کو باجوڑ میں ناو¿ ٹاپ پوسٹ پر درجنوں دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں ایک فوجی جوان شہید اور دو زخمی ہو گئے تھے۔ پاک فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں چودہ دہشتگرد مارے گئے تھے۔ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں گن شپ ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا۔ چھبیس مئی کو بھی باجوڑ میں افغانستان سے آنے والے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں پانچ فوجی جوان زخمی ہوئے جوابی کارروائی میں پانچ حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے باجوڑ میں پاکستانی پوسٹوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

مزید : باجوڑ /اہم خبریں