وہ دوائی جو آپ روزانہ کھائیں تو کینسر سے مرنے کا خطرہ 13فیصد کم ہو جاتا ہے، سائنسدانوں نے بہترین نسخہ بتا دیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کینسر موجودہ دور میں موت کی چند بڑی وجوہات میں سے ایک ہے تاہم اب سائنسدانوں نے اس کا خطرہ کم کرنے کا ایک بہترین نسخہ بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی دیگر بیماریوں کے ساتھ ساتھ کینسر کی بڑھوتری کا بھی سبب بنتی ہے۔ جو شخص وٹامن ڈی کی ایک گولی روزانہ کھاتا رہے اس میں کینسر سے مرنے کا خطرہ 13فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق امریکہ کے الینی ہیلتھ نیٹ ورک کینسر انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے کی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر شی فینگ ماﺅ کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اس تحقیق میں 79ہزار لوگوں پر تجربات کیے، ہماری تحقیق میں شامل جن لوگوں میں وٹامن ڈی کی کمی تھی ان کو پینکریاٹک کینسر لاحق ہونے کا خطرہ دوسروں کی نسبت 2گنا زیادہ تھا۔ اس کے علاوہ ان میں مقعد کی آنت کے کینسر اور کینسر کی دیگر اقسام لاحق ہونے کا خطرہ بھی زیادہ تھا۔“