وہ لڑکی جو صرف چھینک چھینک کر ماہانہ ہزاروں روپے کما لیتی ہے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں آمدنی کمانے کے بے شمار طریقے ہیں لیکن جو طریقہ اس برطانوی لڑکی نے اپنا رکھا ہے، کسی نے کبھی سوچا بھی نہ ہو گا کہ ایسے بھی پیسے کمائے جا سکتے ہیں۔ دی مرر کے مطابق اس لڑکی کا نام ایبی ہیووڈ ہے جو یونیورسٹی کی طالبہ ہے۔ وہ اپنے چھینکنے کی ویڈیوز بنا کر انٹرنیٹ پر لوگوں کو فروخت کرتی ہے اور ہزاروں روپے کماتی ہے۔ اپنی یونیورسٹی کی فیس اور دیگر اخراجات بھی وہ ان ویڈیوز سے حاصل ہونے والی کمائی سے پورے کر رہی ہے۔
ایبی کا کہنا ہے کہ ”انٹرنیٹ پر میری چھینکنے کی ایک ویڈیو 20سے 30پاﺅنڈ میں فروخت ہو جاتی ہے تاہم کچھ گاہک ایسے ہی جو مختلف پوز بنا کر بیٹھنے اور مختلف انداز میں چھینک کر ویڈیو بنانے کی فرمائش کرتے ہیں۔ ان سے میں 100پاﺅنڈ معاوضہ لیتی ہوں۔ ان میں سے کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو مختلف قسم کے لباس پہن کر ویڈیو بنانے کو بھی کہتے ہیں چنانچہ ان سے میں لباس کے پیسے بھی لیتی ہوں۔ “
ایبی کا کہنا تھا کہ ”میں یوٹیوب کے لیے ویڈیوز بناتی تھی۔ ایک بار مجھے چھینکیں آ رہی تھی جو میری ویڈیو میں بھی ریکارڈ ہو گئیں اور جب لوگوں نے میری وہ ویڈیو دیکھی تو کمنٹس میں کئی افراد نے مجھے چھینکنے کی ویڈیوز بنانے کو کہا، تب مجھے یہ ویڈیوز بنا کر فروخت کرنے کا خیال آیا۔ میرے ایک صارف نے مجھے ایک بار بتایا کہ وہ میری یہ ویڈیوز اپنے 72انچ کے ٹی وی پر ’سراﺅنڈ ساﺅنڈ‘ کے ساتھ دیکھتا ہے۔“