پیپلز پارٹی کاپنجاب میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

  پیپلز پارٹی کاپنجاب میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

  

لاہور(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا۔قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور احمد نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دئیے۔پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا جیسے سنگین بحران پر رہنمائی دینے میں بری طرح ناکام رہی،حکومت کی مسلسل کنفیوژ پالیسی نے عوام میں مایوسی پیدا کی،حکومت نے صوبوں کے ساتھ محاذ آرائی کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہاکہ18ویں ترمیم اور این ایف سی سے چھیڑ چھاڑ کر کے نیا بحران پیدا کیاجا رہا ہے،وفاق نے این ایف سی کے نوٹیفکیشن میں اس حوالے سے واضح اشارہ دیا ہے جبکہ سندھ حکومت پہلے ہی اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد ٹڈی دل کی روک تھام میں بھی حکمران بری طرح ناکام رہے ہیں۔یکطرفہ اور امتیازی احتساب سے مخالف سیاسی جماعتوں کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے تاہم پیپلزپارٹی حکمرانوں کو صوبائی خودمختاری تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیگی۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اس بارے میں متفقہ لائحہ عمل کیلئے اے پی سی بلانے کا فیصلہ کیا ہے،پنجاب میں اے پی سی کیلئے تمام جماعتوں سے رابطے شروع کر دئیے گئے جبکہ پیپلزپارٹی اس موضوع پر تمام صوبوں میں اے پی سیز منعقد کر ے گی۔

پیپلز پارٹی/اعلان

مزید :

صفحہ آخر -