ایل او سی پر صورتحال تشویشناک، بھارت آگ سے نہ کھیلے ورنہ منہ توڑ جواب دینگے: ترجمان پاک فوج

ایل او سی پر صورتحال تشویشناک، بھارت آگ سے نہ کھیلے ورنہ منہ توڑ جواب دینگے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کچھ عرصے سے صورتحا ل بہت تشویشناک ہے، بھارت آگ سے نہ کھیلے، فوجی مہم جوئی کے نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کی فوج بہت بہتر طریقے سے جواب دے رہی ہے۔ بھارت کے کواڈ کاپٹرز نے کئی بار خلاف ورزی کی جنہیں مار گرایا گیا۔ بھارت میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جارہی ہے، وہ چاہتا ہے ان تمام چیزوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول پرایڈوانچرازم کیا جائے، اگر دشمن ملک نے کسی قسم کی جارحیت کی توبھرپورجواب دیں گے، ہم تیار ہیں، کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے، فل مائنڈ کیساتھ جواب دیں گے،انٹرویو کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا بھارت کو بعض محاذوں پر بہت بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہاں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے معیشت کو دھچکے لگ رہے ہیں۔پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا بھارت کو نیپال سرحد پر نقشوں میں بھی بڑی شرمندگی ہوئی، وہاں پر اسلامو فوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے، اس ساری صورتحال پر سے نظر ہٹانے کیلئے ایل او سی پر کوئی کارروائی کرنا چاہتا ہے جس کیلئے وہ سٹیج بنا رہا ہے۔انٹرویو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کا سب سے بڑا ڈرامہ پلواما ٹو تھا، ڈرامہ کر کے دن کی روشنی میں گاڑی کوتباہ کیا تاکہ شواہدنہ مل سکیں، انہوں نے مزید کہا کشمیرمیں مظالم کوپوری دنیا دیکھ رہی ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کو دبانے کیلئے کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے، بھارتی فورسزنے 7سال کے بچے کوبھی معاف نہیں کیا۔میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی سینئرملٹری قیادت لانچ پیڈ کا الزام لگاتی ہے، یواین مبصرین گروپ کومکمل آزادی ہے پاکستان سائیڈ پرجہاں مرضی جاسکتے ہیں۔ پاکستان عالمی میڈیا کو لائن آف کنٹرول پر کئی بار لے جا بھی چکا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا پاکستان نے عالمی میڈیا سمیت مبصرین کو کبھی کسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا، بھارت بھی یو این مبصر گرو پ، عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے تو چیزیں بہت کلیئر ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا بھارت آگ سے نہ کھیلے، ہم تیارہیں، جواب دیں گے،بھارت ہر ناکامی کا حل ہمارے خلا ف مہم جوئی میں ڈھونڈتا ہے۔ آگ سے نہ کھیلا جائے، فوج مہم جوئی کے نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے۔
ترجمان پاک فوج

مزید :

صفحہ اول -