کورونا سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے 2ارکان صوبائی اسمبلی وفات پا گئے

    کورونا سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے 2ارکان صوبائی اسمبلی وفات پا گئے

  

لاہور/وزیرآباد/نوشہرہ(جنرل رپورٹر,نا مہ نگار،نمائندہ خصوصی،آئی این پی) کورونا سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 2ارکان اسمبلی اورڈی ای او ایلیمنٹری سکولز ایجوکیشن لاہورجان کی بازی ہار گئے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کو چند روز قبل کورونا کا مرض لاحق ہوا جبکہ انہیں دل کا شدید عارضہ بھی لاحق تھا۔ کورونا کے باعث طبیعت بگڑجانے پر شوکت منظور چیمہ کوگزشتہ سات روز سے پی کے ایل آئی میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔شوکت منظور چیمہ پی پی 51 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔چودھری شوکت منظور چیمہ نواحی علاقہ منظور آباد تحصیل وزیرآبادکے رہائشی تھے،وہ تحصیل ناظم وزیرآباداور متعددبارممبر ضلع کونسل بھی رہ چکے ہیں جبکہ مرحوم کے والد منظور حسین چیمہ بھی ممبر ضلع کونسل گوجرانوالہ رہ چکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق میاں جمشید الدین اسلام آباد کے ہسپتال میں 3 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔میاں جمشیدالدین کاکا خیل 2018 ء کے انتخابات میں خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 63 سے کامیاب ہوئے تھے اور وہ صوبائی وزیر برائے ایکسائز بھی رہ چکے ہیں۔علاوہ ازیں ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز ایجوکیشن لاہور ڈاکٹر رائے افضال حسین بھی کورونا وائرس کے باعث وفات پاگئے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق رائے افضال حسین میں 27 مئی کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں میو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور بعدازاں تشویشناک حالت میں میو ہسپتال سے لاہور کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ارکان اسمبلی/انتقال

مزید :

صفحہ اول -