عوام کے مفادات کو زک پہنچانے والے ”ہر کارٹل“ کو توڑ دینگے: عثمان بزدار

عوام کے مفادات کو زک پہنچانے والے ”ہر کارٹل“ کو توڑ دینگے: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں آٹے، چینی، گھی، پولٹری سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرممکن انتظامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران بھی منافع کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کو خوف خدا نہیں،عوام کے مفادات کو زک پہنچانے والے ہر کارٹل کو توڑا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ناجائزمنافع خوروں کے خلاف انتظامی طور پر ایکشن ہوگا لہٰذاعوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ زیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد آٹے، چینی، گھی اور پولٹری کے نرخوں میں اضافہ قابل قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پرائس کنٹرول کیلئے میکانزم پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد وں پر چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملوں کو گندم کے ذخائر بڑھانے کیلئے سہولت فراہم کریں گے۔پنجاب حکومت نے رواں سیزن کے دوران ریکارڈ گندم خریدی ہے اور پنجاب حکومت کے پاس گندم کے 43 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ذخائر موجود ہیں۔پنجاب حکومت کے پاس چینی کے بھی18 لاکھ ٹن سے زائد ذخائر ہیں اور پنجاب حکومت گنے کے کاشتکاروں کو 170 ارب روپے سے زائد کی ادائیگی یقینی بنا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔محکمہ صنعت، محکمہ خوراک اور انتظامیہ مربوط پلاننگ کے تحت صورتحال پر نظر رکھیں اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے۔دریں اثنا ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے حملے سے فصلوں کو بچانے کیلئے پرعزم ہیں، ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر کاوشیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے اورفصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کئے جا چکے ہیں اور 24 اضلاع میں ایک کروڑ 47 لاکھ سے زائد رقبے پر ٹڈی دل کی موثر نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ جدید ترین آلات و مشینری کے ذریعے 7 لاکھ 56 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر 75 ہزار لیٹر سے زائد زرعی ادویات کا سپرے کیاجاچکا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ احتیاط کا دامن تھام کر کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا،وباء سے بچنے کیلئے ماسک،سینی ٹائزراورسماجی فاصلہ ضروری ہے جبکہ دکاندار ”نوماسک،نوسروس“کی پالیسی پر عمل کریں تو کوروناکا پھیلاؤ کم ہوگا۔

،عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -