مدارس اسلام کے مضبوط قلعے اور اسلامی روایات کے امین ہیں،راغب نعیمی

    مدارس اسلام کے مضبوط قلعے اور اسلامی روایات کے امین ہیں،راغب نعیمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ مدارس دینیہ اسلام کے مضبوط قلعے اوراسلامی روایات کے حقیقی امین ہیں۔ اشاعت دین کے لئے مدارس کو دیگر شعبہ جات کی طرح ایس اوپیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے۔ حکومت کویقین دلاتے ہیں کہ دوران تدریس اساتذہ اورطلبہ کیلئے کرونا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات پرعمل کیاجائے گا۔ ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبہ کے لئے سماجی فاصلہ کابھی خصوصی خیال رکھائے جائے۔ کلاس رومز اورہاسٹل میں روزانہ کی بنیاد پر کلورین کاچھڑکاؤ کابھی اہتمام کیاجائے۔ ہمیں اب کرونا کے ساتھ رہتے ہوئے احتیاط کیساتھ معاملات زندگی کو آگے بڑھانا ہوگا۔

 مدارس کو ہفتے میں کم ازکم 5روز کیلئے تعلیم وتدریس کے اجازت دی جائے۔ مدارس میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے خصوصی ورکشاپ کابھی اہتما م کیاجائے گا تاکہ وہ معاشرے میں کروناوباء سے بچاؤ کی آگاہی مہم کے لئے اپنا موَثر کردار ادا کرسکیں۔ علماء کرام اورناظمین مدار س نے پہلے بھی ہرناز ک مرحلے پر ریاستی اداروں، انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اورآئندہ بھی ہرممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزجامعہ نعیمیہ میں سابق چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ علامہ غلام محمدسیالوی علیہ رحمہ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علماء کرام نے علامہ سیالوی علیہ الرحمہ کی خدمات جلیلہ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ علامہ غلام محمدسیالوی علیہ الرحمہ پوری ز ندگی اشاعت دین اورفروغ عشق مصطفیﷺ کے لئے کوشاں رہے۔ آپ ہر محاذ پر مدارس دینیہ کے حقوق کی جنگ لڑتے رہے وہ مدارس کو روایتی نظام تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تقاضے سے ہم آہنگ جدید نظام تعلیم کے نفاذ کیلئے بھی جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ تعزیتی ریفرنس کے صدارت شیخ الحدیث دارلعلوم جامعہ نعیمیہ مفتی عبدالعلیم سیالوی نے فرمائی۔ جبکہ تعزیتی ریفرنس میں شیخ الحدیث مفتی محمد انور القادری، شیخ الحدیث غلام نصیر الدین چشتی، مولانا محبوب احمدچشتی، تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی، نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرمفتی حسیب قادری، علامہ سیالوی صاحب کے صاحبزادہ محمد ظفر، معروف عالم دین مفتی انتخاب احمد نوری سمیت دیگر سنی تنظیمات کے نمائندگان،جامعہ نعیمیہ کے اساتذ ہ کرام ودیگر نیبھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر علامہ غلام محمدسیالوی علیہ الرحمہ کے بلندی درجات اورکرونا سے جاں بحق ہونے والوں کیلئے شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی صاحب نے خصوصی دعاکرائی۔