کورونا اللہ کی آزمائش، لڑنے کی اصطلاح غلط، وباء ہمارے پیارے چھین رہی ہے: وزیراعلٰی سندھ
کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا کو اللہ تعالیٰ کی ایک آزمائش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وباء ہم سے ہمار ے پیارے چھین رہی ہے، اس سے ہمیں لڑنا نہیں بلکہ احتیاط کرتے ہوئے خود کو بچانا ہے،مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پرانتہائی دکھ اور افسوس ہے۔وہ بدھ کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سندھ کے وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کی کورونا سے وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کررہے تھے۔مرادعلی شاہ نے پیپلز پارٹی کے دیرینہ رفیق اور سابق صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ دو مرتبہ وہ رکن اسمبلی رہے،کابینہ کے ہر اجلاس میں ہنستے ہوئے اپنا موقف پیش کرتے تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکورونا سے لڑنے کالفظ درست نہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی خطاب کے دوران آواز بھر ا گئی اور وہ آبدیدہ ہوگئے۔انہوں نے گلو گیر لہجے میں کہا میں زیادہ نہیں بول پاوں گا بولا تو رو پڑوں گا۔کورونا کی وباء سے شہید ہونیوالو ں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاطبی عملہ، رینجرز، پولیس کے جوان اور افسرجو آزمائش کی گھڑی میں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر فرائض انجام درہے ہیں خرا ج تحسین کے مستحق ہیں۔ و زیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی روایت کے مطابق مرتضیٰ بلوچ کی وفات پر اجلاس ملتوی کرنے کی درخواست کروں گا۔انہوں نے ایوان کو بتایا اس ضمن میں انہوں نے سپیکر اسمبلی کو فون بھی کیا تھا لیکن افسو س آج ہماری روایت ٹوٹ گئی،اجلاس میں کوئی کارروائی نہ ہوتی تو بہت اچھا تھا، وزیر اعلیٰ نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا سپیکر صاحب 1973ء کے بعد پہلی بار یہ روایت ٹوٹی ہے۔ اب بھی درخواست ہے اجلاس ملتوی کردیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا شرمیلا فاروقی کا نام لئے بغیر حلف برداری پر سخت اظہار ناراضگی کیا اور کہا مجھے بہت دکھ اور ا فسوس ہوا ہے۔اس موقع پر قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہم اسمبلی روایت کو توڑنا نہیں چاہتے اجلاس ملتوی کردیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔اگر مرتضی بلوچ کے سوئم تک بھی اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا جائے تو بھی ہم اعتراض نہیں کریں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آ ئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عاد ل شیخ نے مرحوم مرتضیٰ بلوچ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا وہ شریف النفس اور درویش صفت انسان تھے،مجھے ذاتی طور پر ایک دوست کے شہید ہونے کا دکھ ہوا اورمرتضیٰ بلوچ عوام کوکورونا وائرس سے بچاتے ہوئے شہید ہوئے، سیاسی مخا لفت کے باجود مرتضی بلوچ ہمیشہ محبت سے ملتے تھے۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی راشد خلجی نے کہا مرتضی بلوچ کے انتقا ل پر سوگ میں سندھ اسمبلی اجلاس موخر کیاجائے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے مرحوم غلام مرتضی بلوچ کو خراج عقیدت اور تعزیت کی قرارداد اسمبلی میں پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا، جس میں کہا گیا مرتضیٰ بلوچ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ قرارداد کی منظور کے بعد سپیکر آغا سراج درانی نے اسمبلی کا اجلاس آج جمعرات کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ