کورونا سے سندھ پولیس کے مزید 2اہلکار شہید، 5ایس ایس پیز سمیت 409اہلکار متاثر

کورونا سے سندھ پولیس کے مزید 2اہلکار شہید، 5ایس ایس پیز سمیت 409اہلکار متاثر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (آن لائن) کورونا وائرس سے متاثر سندھ پولیس کے مزید دو اہلکار انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد اس عالمی وبا سے جاں بحق سندھ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تعداد 8 ہوگئی۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق ان کے دفتر کے احاطے میں واقع سی پی ایل سی آفس میں تعینات وائرلیس آپریٹر ہیڈ کانسٹیبل سید حسن رضا کو کئی دن سے کورونا وائرس کی علامتیں ظاہر ہورہی تھیں، سید حسن رضا نے یکم جون کو نارتھ ناظم آباد کے ضیاء الدین اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔ایس ایس پی مطابق بفرزون کے رہائشی حسن رضا کو منگل 2 جون کو کورونا وائرس کی رپورٹ ملی جس میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا اور علاج کے اہبتدائی گھنٹوں کے دوران ہی خالق حقیقی سے جا ملے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ان کے ڈسٹرکٹ میں ہی ڈیوٹی کے لیے آئے ہوئے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے کمانڈو راشد بھی کورونا وائرس کے باعث بدھ کی صبح انتقال کرگئے۔پولیس ذرائع سے ملنے والے سندھ پولیس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کی دوپہر تک صوبے میں کورونا وائرس سے متاثر پولیس ملازمین کی تعداد 409 ہو گئی ہے جن میں سے 133 پولیس افسران اور اہلکار اس عالمی وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 8 پولیس ملازمین انتقال کرچکے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق سندھ کے 5 سینیر سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 269 پولیس ملازمان ابھی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں جو مختلف اسپتالوں، میڈیکل سنٹر ز یا اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس ملازمین کی سب سے زیادہ تعداد 251 کراچی پولیس میں ہے۔کراچی پولیس چیف کے مطابق کراچی کا کورنگی ضلع اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں پولیس کے ضلعی سربراہ سمیت 80 سے زیادہ زائد پولیس ملازمین کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع کورنگی کے شاہ فیصل کالونی تھانے کے ایس ایچ او سمیت 22 پولیس ملازمان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں اور ان تمام ملازمان کو آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے۔
کراچی،کورونا سے پولیس اہلکارشہید

مزید :

علاقائی -