سولرلائٹس کیس ،مراد علی شاہ کا الزامات سے اظہارلاتعلقی

سولرلائٹس کیس ،مراد علی شاہ کا الزامات سے اظہارلاتعلقی
سولرلائٹس کیس ،مراد علی شاہ کا الزامات سے اظہارلاتعلقی

  

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) جعلی اکاؤنٹس اور سولر لائٹس کے ٹھیکوں کے کیس میں نیب نے وزیراعلی سندھ کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا۔ مراد علی شاہ نے نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کو بیان ریکارڈ کرایا۔وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے سولر لائٹس کیس میں الزامات سے اظہار لاتعلقی کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سولر لائٹس کیس میں نیب آفس میں پیش ہوئے جہاں نیب کی ٹیم نے مرادعلی شاہ سے2 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی،مراد علی شاہ نے الزامات سے اظہارلاتعلقی کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن کے الزامات درست نہیں،فنڈزآئین اورقانون کے مطابق منظور کئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہاکہ سوالنامہ دے دیں، تمام الزامات کا جواب دوں گا،نیب تفتیشی ٹیم نے کہاکہ سوالنامہ تیار نہیں، آپ کو بھیج دیں گے۔نیب پیشی کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب کو کہا ہے آپ کا بڑا دل گردہ ہے وبا کے حالات میں بھی کام کر رہے ہیں، نیب کا سوال تھا سکیم بجٹ میں نہیں تھی، بعد میں منظوری دی گئی، بجٹ میں شامل نہ ہونیوالی سکیم کی آئین کے مطابق اجازت دی جاسکتی ہے، ہم نے اسمبلی کی منظوری کے بعد یہ سکیم شروع کی تھی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا حکومت کی جانب سے کورونا سے متعلق متضاد پیغامات عوام تک گئے، کراچی میں کورونا وبا زیادہ ہے، کورونا سے متعلق عوام کو پیغام جانا چاہئے کہ یہ سنجیدہ مسئلہ ہے، کئی جگہوں پر ایس او پیز فالو نہیں ہو رہے، کورونا سے متعلق اقدامات طبی ماہرین کی مشاورت سے کیے گئے۔

واضح رہے کہ مراد علی شاہ کوغیرقانونی ٹھیکوں کی تحقیقات کے معاملے میں طلب کیاگیا تھا،مرادعلی شاہ پراعتراضات کے باوجودٹھیکوں کے فنڈزجاری کرنے کاالزام ہے،نیب کاکہنا ہے کہ سولرلائٹس کیس میں 7 ملزمان پلی بارگین جبکہ ایک وعدہ معاف گواہ بن چکاہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -